ایران، اسرائیل جنگ: امریکا کا طیارہ عراق میں گر کر تباہ
امریکی سینٹرل کمانڈ
مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران ایک امریکی فوجی طیارہ مغربی عراق میں گر کر تباہ ہوا/فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران ایک امریکی فوجی طیارہ مغربی عراق میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ امریکی حکام نے واقعے کی تصدیق کر دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب امریکی فوج خطے میں جاری آپریشن کے تحت فضائی سرگرمیوں میں مصروف تھی۔ اطلاعات کے مطابق تباہ ہونے والا طیارہ ایندھن فراہم کرنے والا فوجی طیارہ تھا جو دیگر جنگی طیاروں کو دورانِ پرواز ایندھن مہیا کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ ایسے طیارے عام طور پر بڑے فضائی آپریشنز میں اہم کردار ادا کرتے ہیں کیونکہ ان کی مدد سے لڑاکا طیارے زیادہ دیر تک فضا میں رہ کر کارروائیاں جاری رکھ سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کی ایرانی سپریم لیڈرمجتبیٰ خامنہ ای کو نشانہ بنانے کی دھمکی

امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہیں مغربی عراق میں ایک ایندھن بردار طیارے کے نقصان کی اطلاع ملی ہے۔ بیان میں بتایا گیا کہ یہ واقعہ آپریشن ایپک فیوری کے دوران پیش آیا۔ حکام کے مطابق واقعے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق اسی مشن میں شامل ایک اور طیارہ بحفاظت اپنے بیس پر لینڈ کرنے میں کامیاب ہو گیا۔ تاہم تباہ ہونے والے طیارے کے حوالے سے مزید تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ چکی ہیں اور صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اس طیارے میں عملے سمیت مجموعی طور پر 6 افراد سوار تھے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع ملی ہے یا نہیں۔ فوجی حکام نے اس حوالے سے حتمی معلومات فراہم کرنے سے گریز کیا ہے اور کہا ہے کہ مکمل تفصیلات ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد جاری کی جائیں گی۔

امریکی حکام نے کہا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ طیارہ تکنیکی خرابی، موسمی حالات یا کسی اور وجہ سے تباہ ہوا۔ دوسری جانب خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں اس واقعے کو اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جبکہ عالمی میڈیا بھی اس حادثے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
 

ضرور پڑھیں