موٹر سائیکل سوار مسلح افراد کے حملے میں 32 افراد ہلاک
Nigeria motorcycle gunmen attack
فائل فوٹو
ابوجہ: (ویب ڈیسک) افریقی ملک نائجیریا کی شمالی ریاست نائجر ایک بار پھر خونریز حملوں کی زد میں آ گئی جہاں موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے متعدد دیہات پر دھاوا بول کر 32 افراد کو قتل اور درجنوں کو اغوا کر لیا۔

ریاستی پولیس کے ترجمان واسیو ابیودون نے تصدیق کی کہ مسلح افراد نے سب سے پہلے ٹُنگا ماکیری گاؤں پر حملہ کیا جہاں 6 افراد ہلاک ہوئے، متعدد گھروں کو آگ لگا دی گئی اور کئی افراد کو اغوا کر لیا گیا۔ اس کے بعد حملہ آور کونکوسو گاؤں کی جانب بڑھ گئے جہاں صبح سویرے اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔

مقامی ذرائع کے مطابق کونکوسو میں ہلاکتوں کی تعداد 26 سے 38 تک بتائی جا رہی ہے، جبکہ گاؤں کا پولیس اسٹیشن بھی نذر آتش کر دیا گیا۔ کئی افراد تاحال لاپتا ہیں جس سے خوف و ہراس کی فضا برقرار ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق حملہ آوروں نے پِیسا نامی گاؤں میں بھی کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو قتل کیا اور بیشتر مکانات کو جلا دیا۔

سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ نائجر اور کوارا ریاستوں کی سرحد کے قریب واقع کینجی جنگل شدت پسند گروہوں کی محفوظ پناہ گاہ سمجھا جاتا ہے جہاں بوکو حرام اور دیگر مسلح گروہ سرگرم رہے ہیں، یہی جنگلاتی علاقہ اکثر حملہ آوروں کیلئے پناہ گاہ ثابت ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا دو روزہ عام تعطیل کا اعلان

مقامی مذہبی و سماجی رہنماؤں نے صدر سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں مستقل فوجی اڈہ قائم کیا جائے تاکہ شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس ڈونلڈ ٹرمپ نے نائجیریا میں سیکیورٹی صورتحال پر تنقید کی تھی، تاہم حکام کا مؤقف ہے کہ ملک میں شدت پسندی کا نشانہ مسلمان اور مسیحی دونوں بن رہے ہیں اور کسی ایک مذہبی گروہ کو منظم طور پر ہدف نہیں بنایا جا رہا۔