خلیجی ممالک جانے والے پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری
Gulf countries travel Pakistan
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ممالک کیلئے پروٹیکٹر رجسٹریشن میں سافٹ اسکلز سرٹیفکیٹ کی شرط کی آخری تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کر دی۔

بیورو کے مطابق یہ شرط پہلے یکم فروری 2026 سے نافذ کی جانی تھی، تاہم اب اس کا اطلاق یکم مارچ 2026 سے ہوگا۔ اس فیصلے سے پاکستان میں موجود محنت کشوں، ہنرمند افراد اور بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند شہریوں کو تیاری کیلئے مزید وقت مل جائے گا، جس سے سفری اور دستاویزی امور میں آسانی پیدا ہوگی۔

حکام کا کہنا ہے کہ توسیع کا مقصد خلیجی ممالک میں پاکستانی افرادی قوت کیلئے بہتر اور منظم مواقع فراہم کرنا ہے، تاکہ عالمی معیار کے مطابق ہنر اور سافٹ اسکلز کے ساتھ ملازمت کے امکانات بڑھائے جا سکیں۔ درخواست دہندگان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سرکاری ویب سائٹس اور مستند ذرائع سے تازہ ہدایات اور تقاضوں سے باخبر رہیں۔

یہ بھی پڑھیں:برسلز نے پاکستانیوں کیلئے فیلوشپ 2026 کا آغاز کر دیا

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے اس سے قبل بیرون ملک ملازمت کیلئے نئے آن لائن پروٹیکٹر سرٹیفکیٹ سے متعلق وضاحت بھی جاری کی تھی۔ بیورو کی سوشل میڈیا پوسٹ کے مطابق بعض غیر ذمہ دار عناصر یہ تاثر دے رہے تھے کہ یکم فروری 2026 سے بیرون ملک جانے والے تمام افراد کیلئے آن لائن پروٹیکٹر (ای پروٹیکٹر) سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے، جو درست نہیں۔

بیورو نے عوام سے اپیل کی ہے کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی قسم کی معلومات کیلئے صرف سرکاری اعلانات پر اعتماد کریں۔