فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق یہ حادثہ 25 جنوری کی شام تقریباً 7 بج کر 45 منٹ پر پیش آیا، جس وقت طیارے میں 8 افراد سوار تھے۔ ایف اے اے نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ بومبارڈیئر چیلنجر 600 تھا، جو پرواز کے لیے رن وے پر ٹیک آف کی تیاری کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔
حکام کے مطابق حادثے کے بعد طیارے میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔ واقعے کی تحقیقات فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ مشترکہ طور پر کر رہے ہیں، جبکہ مَین اسٹیٹ پولیس اور دیگر مقامی ادارے بھی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جاپانی وزیراعظم نے پارلیمنٹ تحلیل کردی
ایئرپورٹ انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں تصدیق کی کہ ایئرپورٹ پر ایک واقعہ پیش آیا ہے، جس کے بعد رن وے کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک ایئرپورٹ کا رخ نہ کریں، جبکہ ریسکیو ادارے موقع پر موجود ہیں اور صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ طیارہ ٹیکساس سے پرواز کے بعد مَین پہنچا تھا اور دوبارہ روانگی کی تیاری کے دوران حادثے کا شکار ہوا۔ ادھر ایوی ایشن ٹریکنگ ویب سائٹ نے بھی حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دستیاب ڈیٹا کے مطابق طیارہ ہیوسٹن سے بینگر پہنچنے کے بعد دوبارہ اڑان بھرنے والا تھا۔
واضح رہے کہ بینگر انٹرنیشنل ایئرپورٹ ایک مشترکہ سول اور فوجی عوامی ہوائی اڈہ ہے، جو پورٹ لینڈ سے تقریباً 129 میل شمال مشرق میں واقع ہے اور اس میں ایک ہی رن وے موجود ہے۔