جاپانی وزیراعظم کا اسمبلی تحلیل کر کے 8 فروری کو الیکشن کا اعلان
جاپانی وزیراعظم سانائے تاکائیچی نے 23 جنوری کو ایوان زیریں کی تحلیل اور 8 فروری کو نئے انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا۔
فائل فوٹو
ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپانی وزیراعظم سانائے تاکائیچی نے 23 جنوری کو ایوان زیریں کی تحلیل اور 8 فروری کو نئے انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جاپانی وزیراعظم نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ وہ 23 جنوری کو جمعہ کے دن 465 رکنی ایوان نمائندگان تحلیل کر دیں گی تاکہ 8 فروری کو قبل از وقت عام انتخابات کا انعقاد ممکن بنایا جا سکے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جاپان میں قبل از وقت انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل 8 فروری کو ہوگا جبکہ باضابطہ انتخابی مہم 27 جنوری سے چلائی جا سکے گی، یہ انتخاب وزیرِ اعظم سانائے تاکائیچی کے منصب سنبھالنے کے بعد پہلا انتخاب ہوگا، جس کا انعقاد موجودہ ایوانِ زیریں کی مدت پوری ہونے سے دو سال سے زائد وقت باقی رہتے ہوئے کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جاپان کا پاکستانی طلبہ کے لیے مکمل فنڈڈ انٹرن شپ کا اعلان

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے تاکائیچی نے اپنی حکمران جماعت لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) اور اتحادی جماعت جاپان انوویشن پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو ایوان زیریں تحلیل کرنے سے متعلق اپنے ارادے سے آگاہ کیا تھا۔

حکمران اتحاد کا مقابلہ کرنے کے لئے جاپان کی آئینی جمہوری پارٹی اور کومے ئیتو پارٹی، جو طویل عرصے تک ایل ڈی پی کی اتحادی رہی ہے نے جمعرات کو سینٹرسٹ ریفارم الائنس بنانے پر اتفاق کیا، جسے آئندہ انتخابات میں سب سے بڑی اپوزیشن قوت تصور کیا جا رہا ہے۔