مصروف بازار میں بیٹھنے والا معذور بھکاری کروڑ پتی نکلا
بھارت میں اندور کے مصروف بازار میں بیٹھنے والا ایک معذور بھکاری حقیقت میں کروڑ پتی نکلا۔
فائل فوٹو
اندور: (ویب ڈیسک) بھارت میں اندور کے مصروف بازار میں بیٹھنے والا ایک معذور بھکاری حقیقت میں کروڑ پتی نکلا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ظاہری طور پر سادہ زندگی بسر کرنے والا شخص منگی لال نہ کسی سے بھیک مانگتا تھا اور نہ ہی آواز دے کر توجہ اپنی جانب مبذول کراتا تھا بلکہ لوگ خود ہی اسے امداد دے دیا کرتے تھے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق منگی لال روزانہ لوہے کی ایک ریڑھی پر خاموشی سے آکر بازار میں بیٹھ جایا کرتاتھا اور عام دنوں میں اسے بھیک سے چار سے پانچ سو بھارتی روپے تک کی رقم مل جاتی تھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اس بھکاری کی اصل حقیقت تب کھلی جب حکومت کی انسدادِ گداگری مہم کے دوران اس کے مالی معاملات کی چھان بین کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: سیول، سابق صدر یون سُک یول کو 5 سال قید کی سزا

تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ منگی لال کی آمدن صرف بھیک تک محدود نہیں تھی بلکہ وہ دن میں ملنے والی بھیک کی رقم کو رات کے وقت بازار کے تاجروں کو ایک دن یا ایک ہفتے کے لیے سود پر دے دیتا تھا اور باقاعدگی سے اس پر سود وصول کرتا تھا جو اس کی کمائی کا اصل ذریعہ بن چکا تھا۔

مزید تحقیقات کے بعد حکام پر یہ حقیقت بھی کھلی کہ منگی لال تین ذاتی مکانات، تین آٹو رکشوں اور ایک کار کا بھی مالک ہے جبکہ اس کے آٹو رکشے کرائے پر چلتے ہیں اور کار کے لیے اس نے مستقل ڈرائیور کو بھی ملازمت پر رکھا ہوا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کے علاوہ منگی لال کو معذوری کی بنیاد پر سرکاری رہائش گاہ بھی الاٹ کی گئی تھی، حکام نے کروڑوں کے اثاثے سامنے آنے کے بعد منگی لال کو شیلٹر ہاؤس منتقل کر دیا ہے۔