دبئی میں ہزاروں نئی نوکریوں کے دروازے کھل گئے
15000 new jobs in UAE
فائل فوٹو
دبئی: (ویب ڈیسک) دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے ایسے انقلابی منصوبوں کی منظوری دے دی جس سے ہزاروں ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے سالانہ حکومتی اجلاس میں ان منصوبوں کو حتمی منظوری دی گئی۔ ان کا مقصد دبئی کو دنیا کے سب سے خوبصورت، جدید اور قابل رہائش شہروں میں شامل کرنا ہے۔

ان منصوبوں کے تحت 15 ہزار نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا کیے جائیں گے، جبکہ تعلیم، صحت، ماحولیات اور کھیلوں کے شعبوں میں نمایاں اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔

منظور شدہ منصوبوں میں جدید اور سستے نجی اسکولوں کا قیام، عوامی پارکس کی توسیع، ایوی ایشن ٹیلنٹ پروگرام، مالیاتی دیوالیہ پن عدالت کا قیام اور کینسر کی ابتدائی تشخیص کے جدید نظام کی شروعات شامل ہیں۔

دبئی حکومت کے مطابق یہ تمام اقدامات اُس بڑے معاشی منصوبے کا حصہ ہیں جس کے ذریعے دبئی کی معیشت کو دگنا کرنے اور نجی شعبے میں 65 ہزار اماراتی شہریوں کو روزگار فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:چین نے 45 ممالک کے لیے ویزا فری داخلے کی مدت میں توسیع کردی

اجلاس میں اسپورٹس سیکٹر اسٹریٹجک پلان 2033 کی بھی منظوری دی گئی، جس کے تحت دبئی کو عالمی اسپورٹس حب بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ منصوبہ 19 پروگرامز اور 75 عملی اقدامات پر مشتمل ہے، جو 17 اہم کھیلوں کو فروغ دے گا، خاص طور پر نوجوانوں اور خصوصی افراد کیلئے مواقع پیدا کرے گا۔

شیخ حمدان بن محمد نے کہا کہ یہ تمام منصوبے دبئی کے اُس وژن کا حصہ ہیں جس کے تحت ہر شہری کو خوشحال، صحت مند اور پُرامن زندگی کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے، تاکہ دبئی دنیا کا سب سے زیادہ خوشحال اور پائیدار شہر بن سکے۔