ممتاز بزرگ عالمِ دین مولانا حافظ پیر شبیر احمد انتقال کرگئے
Hafiz Peer Shabbir Ahmed death
فائل فوٹو
ممبئی: (ویب ڈیسک) جمعیت علماء ہند کے تلنگانہ و آندھرا پردیش کے صدر اور ممتاز عالمِ دین مولانا حافظ پیر شبیر احمد طویل دینی و سماجی خدمات کے بعد خالقِ حقیقی سے جا ملے۔

ان کے انتقال کی خبر سے نہ صرف تلنگانہ بلکہ پورے بھارت کے مذہبی، سماجی اور سیاسی حلقوں میں رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔

مولانا حافظ پیر شبیر احمد ایک جید عالم، باعمل رہنما اور انسان دوست شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ دینِ اسلام کی خدمت، ملت کی رہنمائی اور معاشرتی بھلائی کیلئے وقف کیا۔

وہ متحدہ آندھرا پردیش کی قانون ساز کونسل کے رکن بھی رہے، جہاں انہوں نے مسلمانوں کے تعلیمی، سماجی اور معاشی مسائل کے حل کیلئے بھرپور آواز اٹھائی۔

جماعت اسلامی ہند تلنگانہ کے امیر محمد اظہرالدین نے مولانا کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا حافظ پیر شبیر احمد ایک بااخلاص، باعمل اور دردِ دل رکھنے والے عالمِ دین تھے۔ اُن کی زندگی علم، تقویٰ اور استقامت کا مظہر تھی۔ وہ جمعیت العلماء ہند کے پلیٹ فارم سے کئی دہائیوں تک نہ صرف تلنگانہ و آندھرا بلکہ پورے ملک میں دینی، اصلاحی اور تعلیمی سرگرمیوں میں سرگرم رہے۔

مولانا نے تلنگانہ حج کمیٹی کے صدرنشین کی حیثیت سے بھی نمایاں خدمات انجام دیں اور مسلمانوں کے سماجی و مذہبی مسائل کے حل کیلئے بھرپور کردار ادا کیا۔ وہ ہمیشہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی، قومی اتحاد اور اسلامی تعلیمات کے فروغ کے حامی رہے۔ ان کے کاموں نے انہیں نہ صرف مذہبی حلقوں میں بلکہ سیاسی و سماجی میدانوں میں بھی احترام کی نظر سے دیکھا جانے والا رہنما بنا دیا۔

مولانا حافظ پیر شبیر احمد کے بیٹے پیر ارشاد احمد ناصر آل انڈیا کانگریس کمیٹی میں ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی امور کے قومی کنوینر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ ان کے ایک اور صاحبزادے پیر منیر جابر حیدرآباد یوتھ کانگریس کے متحرک رہنماؤں میں شامل ہیں۔

مرحوم کے بیٹے حافظ پیر خلیق احمد کے مطابق نمازِ جنازہ سنتوش نگر میں ادا کی گئی، جس میں بڑی تعداد میں علماء، سیاسی شخصیات اور شہریوں نے شرکت کی۔ مولانا کی رحلت پر جمعیت علماء ہند، جماعت اسلامی، مختلف ملی تنظیموں اور سیاسی قیادت کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔