
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی سوڈان کے مرّا پہاڑی علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس سے ایک مکمل طور پر گاؤں تباہ ہوگیا۔
سوڈانی فوج کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ 31 اگست کو شدید بارشوں کے سبب پیش آیا جس سے بھاری جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔
رپورٹس کے مطابق سوڈان لیبریشن مومنٹ نے اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس حادثے کے بعد امداد فراہم کریں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈاکوؤں کا مسجد پر حملہ، 50 افراد جاں بحق
خیال رہے کہ اپریل 2023 سے سوڈان خانہ جنگی کا شکار ہے جس کے باعث خطے تک رسائی محدود ہے، اس صورتحال کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اگر یہ اعداد درست ثابت ہوتے ہیں تو یہ سوڈان کی حالیہ تاریخ کی سب سے بڑی قدرتی آفت ہوگی، دارفور کے گورنر منی مناوی نے اس واقعے کو "سنگین انسانی المیہ" قرار دیا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مَرّا کا پہاڑ ی علاقہ شمالی دارفور کے اُن ہزاروں افراد کی پناہ گاہ بن چکا تھا جو سوڈانی فوج اور نیم فوجی تنظیم ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان جاری خانہ جنگی کے باعث اپنے گھروں سے بے دخل ہو چکے تھے۔



