سپین اور پرتگال میں ویزا پالیسی نرم، فیس میں بھی نمایاں کمی
Spain digital nomad visa and Portugal easy visa policy
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) یورپ کے دو خوبصورت ممالک سپین اور پرتگال نے غیر ملکیوں کیلئے سفر اور رہائش کو نہایت آسان بنا دیا۔

رپورٹس کے مطابق پرتگال کے بعد اب سپین نے بھی ڈیجیٹل نومیڈ ویزا کا اجرا کر دیا ہے، جس نے دنیا بھر کے فری لانسرز اور ریموٹ ورکرز کیلئے شاندار مواقع پیدا کر دیے ہیں۔

واضح رہے کہ اس نئی پالیسی کا مقصد عالمی ڈیجیٹل اکانومی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے غیر یورپی ممالک سے تعلق رکھنے والے ہنر مند افراد کو سپین میں کام اور رہائش کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ اس ویزا کے ذریعے درخواست گزار سپین میں ایک سال تک قیام کر سکتا ہے، اور شرائط پر پورا اترنے کی صورت میں مدتِ قیام میں توسیع بھی ممکن ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ویزے پر آنے والا شخص اگر مقررہ آمدنی کی حد پر پورا اترتا ہے تو اپنے اہلِ خانہ کو بھی ساتھ لانے کی اجازت حاصل کر سکتا ہے۔

اہم شرائط:

درخواست گزار کا تعلق لازمی طور پر کسی غیر یورپی ملک سے ہو۔

وہ گزشتہ کم از کم تین ماہ سے کسی غیر ہسپانوی کمپنی کے ساتھ ریموٹ ورک کر رہا ہو۔

آمدنی کا 80 فیصد سپین سے باہر کے ذرائع سے ہونا چاہیے۔

جس کمپنی یا فری لانس پلیٹ فارم سے کام کیا جا رہا ہو، وہ کم از کم ایک سال سے سرگرم ہو۔

لازمی دستاویزات:

ریموٹ کام کا معاہدہ

آمدنی کے ثبوت

کاروباری سرگرمی کا کم از کم ایک سالہ ریکارڈ

صاف کریمنل ریکارڈ سرٹیفکیٹ

دیگر شناختی و قانونی دستاویزات

ویزا فیس:

سپین کا ڈیجیٹل نومیڈ ویزا فیس کے لحاظ سے بھی نہایت مناسب ہے۔ پاکستانی کرنسی میں اس کی قیمت تقریباً 21 ہزار روپے ہے، جو روایتی ورک پرمٹ یا وزٹ ویزا کی فیسوں کے مقابلے میں بہت کم اور سستا آپشن ہے۔

ذہن نشین رہے کہ یہ ویزا خاص طور پر فری لانسرز، ریموٹ ورکرز، آئی ٹی ماہرین، ڈیزائنرز، لکھاریوں اور دیگر آن لائن پروفیشنلز کیلئے بہترین ہے، جو یورپ جیسے ترقی یافتہ خطے میں رہائش اختیار کر کے عالمی سطح پر اپنا کیریئر مستحکم بنانا چاہتے ہیں۔

اس نئی پالیسی نے یورپ جانے کے خواہشمند پاکستانی نوجوانوں کیلئے ایک سنہری موقع فراہم کر دیا ہے۔