
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی مشہور سائنسی اور تحقیقی کنگ فہد یونیورسٹی آف پٹرولیم اینڈ منرلز (KFUPM) نے 2025ء کے لیے بین الاقوامی طلبہ کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپ کا اعلان کر دیا ہے۔ یونیورسٹی نے اعلان کیا ہے کہ دنیا بھر کے طلبہ ماسٹرز اور ڈاکٹریٹ کی تعلیم کے لیے اس اسکالرشپ کے ذریعے سے درخواست دے سکتے ہیں۔
یونیورسٹی کا شمار مشرق وسطیٰ کی صف اول کی تحقیقی درسگاہ میں ہوتا ہے جو سائنسی، انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کے میدانوں میں عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرتی ہے۔ ادارے کا تعلیمی ماحول، جدید سہولیات، تجربہ کار اساتذہ، اور تحقیق پر مبنی نصاب طلبہ کو ایک عالمی معیار پر تعلیم فراہم کرتا ہے۔
مزیدبرآں اس اسکالرشپ پروگرام کے تحت منتخب امیدواروں کو مکمل ٹیوشن فیس کی معافی، ماہانہ وظیفہ، فرنشڈ رہائش، مفت درسی کتب، سالانہ ریٹرن ٹکٹ، طبی سہولیات اور رعایتی کھانے جیسی سہولیات دی جائیں گی۔ اسکالرشپ مختلف مضامین میں دستیاب ہے جن میں پٹرولیم انجینئرنگ، کیمیکل انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس اور الیکٹریکل انجینئرنگ، سمیت دیگر شعبے شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بحرین کا ویزا حاصل کرنے کا طریقہ کیا؟ جانیے
واضح رہے کہ اس پروگرام میں شمولیت کے امیدواروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ ماسٹرز پروگرام کے لیے بیچلرز اور پی ایچ ڈی کے لیے ماسٹرز کی ڈگری کے حامل ہوں ۔امیدوار کا (CGPA )کم از کم 3.2 ہونا چاہیے۔
زہن نشین رہے کہ انگریزی زبان میں مہارت ہونی چاہیے جس کے لیے TOEFL یا IELTS کے نمبرز درکار ہوں گے۔ درخواست کے ساتھ امیدواروں کو اپنی تعلیمی اسناد، پاسپورٹ کی کاپی، ذاتی بیان، تازہ سی وی اور تین تعریفی خطوط جمع کروانے ہوں گے۔ اسکالرشپ کے لیے درخواستیں آن لائن جمع کروائی جا رہی ہیں۔