ٹیکساس: سیلاب نے تباہی مچا دی، 82 افراد ہلاک، متعدد لاپتا
امریکی ریاست ٹیکساس میں شدید بارشوں اور اچانک آنے والے تباہ کن سیلاب نے ریاست بھر میں تباہی مچا دی۔
فائل فوٹو
ٹیکساس: (سنو نیوز) امریکی ریاست ٹیکساس میں شدید بارشوں اور اچانک آنے والے تباہ کن سیلاب نے ریاست بھر میں تباہی مچا دی۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیکساس میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے سبب مختلف حادثات میں 28 بچوں سمیت 82 افراد ہلاک ہوگئے، ٹیکساس کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے سبب مکانات، گاڑیاں کئی فٹ پانی میں ڈوب گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹیکساس میں مختلف شاہراہوں پر درخت گرنے سے راستے بند ہوگئے جب کہ بارش کے سبب پانی میں پھنسے لوگوں کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے نکالا جا رہا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق سمر کیمپ میں موجود10 لڑکیاں اور ایک کونسلر سمیت 41 افراد اب بھی لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے، لاپتا افراد کی تلاش کے لیے ہیلی کاپٹرز ، کشتیوں اور ڈرونز کا استعمال کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئندہ ہفتے غزہ معاہدہ ہوسکتا ہے، امریکی صدر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سیلاب سے متاثرہ ریاست ٹیکساس کی کیر کاؤنٹی کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکساس میں سیلاب سے ہونے والی تباہی 100 سال کی بدترین تباہی ہے، کسی نے اس پیمانے پر تباہی کی توقع نہیں کی تھی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ موسم سے متعلق وارننگ دینے والے ادارے کے فنڈز میں کٹوتی سے وارننگ سسٹم کو کمزور ہو گیا ہے، ہم سیلاب میں پھنسے افراد کے لیے دعا گو ہیں، ہمارے اداروں کے بہادر اہلکار سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔

دوسری جانب امریکی ویدر سروس کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ آہستہ آہستہ چلنے والی آندھی سے وسطی ٹیکساس کے بالائی علاقوں میں مزید سیلاب کا خطرہ ہے۔