صدر ٹرمپ پر عدم اعتماد، یورپ نے اپنا سونا واپس مانگ لیا
 یورپی ممالک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امریکا سے اپنا سونا واپس مانگ لیا۔
فائل فوٹو
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) یورپی ممالک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امریکا سے اپنا سونا واپس مانگ لیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق یورپی ممالک جرمنی،فرانس،ہالینڈ اور اٹلی نے امریکا سے سونا واپس منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یورپ کے کئی ممالک نے سونا دہائیوں سے امریکی سینٹرل بینک میں رکھا ہوا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقدامات سے امریکی فیڈرل ریزروکو سیاسی ادارہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے،امریکی صدر کسی بھی وقت سونے کے ذخائر کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جرمنی کے 37 فیصد گولڈ ریزرو امریکی سینٹرل بینک میں رکھے ہوئے ہیں، اٹلی نے اپنا 43 فیصد گولڈ ریزرو امریکی فیڈرل ریزرو میں رکھا ہوا ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں: ایران کا جوہری طاقت بننے کا خواب چکنا چور ہوگیا، ٹرمپ

فرانس اور ہالینڈ کی حکومتیں بھی اپنے سونے کے ذخائر امریکا سے واپس منگوانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہیں اور کچھ نے اس عمل کا آغاز بھی کر دیا ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق اگر مزید ممالک بھی امریکا سے اپنے سونے کی واپسی کا فیصلہ کرتے ہیں تو اس کے عالمی مالیاتی نظام پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے، امریکی ڈالر پر عالمی اعتماد کو دھچکا لگنے کا بھی امکان ہے اور یہ سلسلہ مستقبل میں بین الاقوامی ذخائر کی امریکی معیشت سے وابستگی پر سوالیہ نشان بن سکتا ہے۔

یورپی ممالک کی یہ کوشش نہ صرف امریکا پر بڑھتی ہوئی بے اعتمادی کو ظاہر کرتی ہے بلکہ ایک نئی عالمی مالیاتی صف بندی کی شروعات بھی ہو سکتی ہے، جہاں ممالک اپنے اثاثوں کو عالمی طاقتوں کی بجائے خود کے زیرِ اختیار رکھنے کو ترجیح دیں گے۔