بھارت میں مسافر طیارہ تباہ،سابق وزیر اعلیٰ بھی حادثے کا شکار
Gujarat plane crash
فائل فوٹو
نیو دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں ایک المناک فضائی حادثہ پیش آیا ہے، جہاں برطانیہ جانے والا مسافر طیارہ رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔

حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ بوئنگ 787 ڈریم لائنر تھا، جو فلائٹ نمبر AI-117 کے تحت احمد آباد سے لندن کے گیٹ وِک ایئرپورٹ کیلئے روانہ ہوا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے میں 242 افراد سوار تھے جن میں کئی وی آئی پیز بھی شامل تھے۔رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعلیٰ وجے روپانی مبینہ طور پر مسافر طیارے میں سوار تھے۔

وجے روپانی 2 اگست 1956 کو رنگون میں پیدا ہوئے، بھارت کے سینئر سیاستدان ہیں جو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ اگست 2016 سے ستمبر 2021 تک ریاست گجرات کے 16ویں وزیراعلیٰ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

طیارہ احمد آباد ایئرپورٹ سے پرواز کے کچھ ہی دیر بعد فنی خرابی کا شکار ہوا اور قریبی گنجان آباد علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔

حادثے کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں اور فائر بریگیڈ کے اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ متاثرہ علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق طیارے کے گرنے سے زور دار دھماکہ ہوا اور قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔

واضح رہے کہ تاحال ہلاکتوں یا زخمیوں کی صحیح تعداد کی تصدیق نہیں کی جا سکی، تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بڑے جانی و مالی نقصان کا اندیشہ ہے۔ حکام نے قریبی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے جبکہ طیارہ گرنے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

 

خیال رہے کہ یہ حادثہ بھارت کی حالیہ فضائی تاریخ کے بڑے سانحات میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے، جس نے نہ صرف ملک بلکہ دنیا بھر میں غم و اندوہ کی لہر دوڑا دی ہے۔