ریچھ کوہِ پیما کی زندگی نگل گیا
Dimitris Kyruglou Incident
فائل فوٹو
ایتھنز:(ویب ڈیسک) شمالی یونان کے جنگلات میں ایک خوفناک حاد ثے میں کوہ پیما ریچھ کے حملے کے باعث تقریباً 500 میٹر کھائی میں گر کر ہلاک ہو گیا۔

واضح رہے کہ معروف کوہ پیما دیمترس کیوروگلو اور ان کے ساتھی 77 سال پرانے فوجی ملبے کی تلاش میں اس پر خطر مہم پر روانہ ہوئے تھے۔

دیمتریس کیوروگلو نے یونانی سرکاری نشریاتی ادارے ای آر ٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اچانک میرے  دوست نے چیختے ہوئے کہا کہ یہاں ریچھ ہے، عین اسی وقت وہ ریچھ مجھ پر حملہ آور ہوا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہمارے ساتھ موجود کتے نے  وفاداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہمارے دفاع کی کوشش کی اور موقع پاتے ہی میں نے مرچوں کے سپرے سے ریچھ کو روکنے کی کوشش کی تاہم وہ کامیاب نہ ہو سکی، ریچھ اسی لمحے میرے دوست سے ٹکرایا اور وہ گہری کھائی میں جا گرا۔

دیمترس کا مزید کہنا تھا کہ میں اپنی جان بچانے کی غرض سے درخت پر چڑھ گیا، حادثے کے بعد ایمرجنسی سروسز کو کال کی اور جغرافیائی محلِ وقوع کے کوآرڈینیٹس فراہم کیے، مقامی دوستوں سے بھی رابطہ کیا جو علاقے کی پہاڑیوں اور جنگلات سے بخوبی واقف تھے۔

انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ اپنے دوست کو بچانے کے لیے وہ خود بھی کھائی میں اترے اور تقریباً 24 میٹر گہرائی تک گئے، مگر بدقسمتی سے دوست کا سراغ نہ لگا سکے۔

ریسکیو آپریشن میں ٹیم تقریباً 300 میٹر گہرائی تک اتری، مگر خطرناک راستوں اور روشنی کی عدم موجودگی کے باعث کام روک دیا گیا، بالآخر اگلے روز کوہ پیما کی لاش 500 میٹر  کھائی سے نکال لی گئی۔

ماحولیاتی ادارے آرکٹوروس کی تحقیق کے مطابق یونان میں تقریباً 450 بھورے ریچھ پائے جاتے ہیں جو دو مختلف علاقوں میں موجود  ہیں، پندوس پہاڑ میں ان کی سب سے بڑی تعداد پائی جاتی ہے، جبکہ رودوپی پہاڑ جہاں یہ واقعہ پیش آیا وہاں بھی ان کی خاصی تعداد موجود ہے۔