پل گرنے سے ٹرین تباہ، 7 افراد ہلاک
Bryansk Train Crash
فائل فوٹو
ماسکو:(ویب ڈیسک) روس کے مغربی علاقے بریانسک (Bryansk) میں ایک ہولناک حادثے کلیموف سے ماسکو جانے والی مسافر ٹرین نمبر 86 حادثے کا شکار ہوگئی۔

اس افسوسناک واقعے میں ٹرین ڈرائیور سمیت 7 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوئے۔

ماسکو ریلویز کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق حادثہ ایک سنگل ٹریک پر پیش آیا، جہاں پل کے گرنے سے نہ صرف ٹرین کے کئی ڈبے شدید متاثر ہوئے بلکہ قریبی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ حادثے کے فوراً بعد جائے وقوعہ پر امدادی ٹیمیں پہنچ گئیں جنہوں نے زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ ابتدائی طور پر غیر قانونی مداخلت (Sabotage) کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم حتمی معلومات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔ روسی وزارت ٹرانسپورٹ اور ریلوے حکام نے واقعے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکہ جنگ کرنیوالے ممالک کیساتھ تجارت نہیں چاہتا: ٹرمپ

عینی شاہدین کے مطابق پل کے اچانک منہدم ہونے سے ایک زور دار دھماکہ ہوا، اور ٹرین کی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ کئی مسافر چیخ و پکار کرتے ہوئے باہر نکلنے کی کوشش کرتے رہے، امدادی کارکنوں نے ڈبوں میں پھنسے مسافروں کو نکالنے کیلئے بھاری مشینری کا استعمال کیا۔

بریانسک کے گورنر نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت زخمیوں کے علاج اور مرنے والے افراد کے لواحقین کی مالی امداد یقینی بنائے گی۔

حادثے کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت معطل کر دی گئی، متعلقہ ٹریک کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جب تک تکنیکی اور سیکیورٹی جانچ مکمل نہیں ہوتی، اس روٹ پر کوئی ریل سروس بحال نہیں کی جائے گی۔