
تفصیلات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ٹیرف لگانے کے حوالے سے اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کو ٹیرف سے چھوٹ نہیں ملے گی، خاص طور پر چین کو ہرگز نہیں۔
اپنے تازہ بیان میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ چین امریکا کے ساتھ بدترین سلوک کر رہا ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ اس کیخلاف مضبوط اقتصادی اقدامات کیے جائیں۔ چین سمیت کسی بھی ملک کو تجارتی بے ضابطگیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ موبائل فونز پر ٹیرف کا جلد اعلان کیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ لچک رکھی جائے گی تاکہ امریکی صارفین پر کم سے کم بوجھ پڑے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیمی کنڈکٹرز پر ٹیرف کا اعلان آئندہ ہفتے متوقع ہے،جس میں بعض کمپنیوں کو رعایت دی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب چین نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جوابی ٹیرف کی پالیسی کو مکمل طور پر ختم کرے اور باہمی احترام کی راہ پر واپس آئے۔
چینی وزارت تجارت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا کو اپنی غلطیوں کا احساس کرنا چاہیے، اور تعلقات میں بہتری کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔
واضح رہے کہ اس وقت امریکا نے بیشتر چینی مصنوعات پر 145 فیصد تک ٹیرف عائد کر رکھا ہے، جبکہ چین نے بھی جوابی کارروائی کے طور پر امریکی مصنوعات پر 125 فیصد ٹیرف نافذ کر رکھا ہے۔



