
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کے پیو ریسرچ سینٹر کی جانب سے ایک سروے کا انعقاد کیا گیا جس میں شادی کی بہترین عمر کے حوالے سے شہریوں سے دریافت کیا گیا، سروے میں شامل لوگوں نے شادی سے متعلق سوال پر دلچسپ جوابات دیئے۔
اس سروے میں 3 ہزار 600 افراد کو شامل کیا گیا جن میں سے تقریباً آدھے لوگوں نے قرار دیا کہ شادی اور والدین بننے کیلئے 26 سے 27 سال کی عمر موزوں ہے جبکہ پچاس فیصد افراد نے قرار دیا کہ ان کی نظر میں شادی اور والدین بننے کیلئے کسی بھی عمر کو بہترین قرار نہیں دیا جا سکتا۔
سروے میں شامل لوگوں نے رائے دی کہ شادی کرنے کیلئے بہترین عمر اوسطاً 26.5 سال ہے جبکہ 23 فیصد لوگوں کا خیال تھا کہ 25 سے 29 سال کی عمر کے درمیان شادی کرلینی چاہیے۔
سروے میں شامل ہر 10 میں سے ایک فرد نے کہا کہ 20 سے 24 یا 30 سے 34 سال کی شادی کیلئے موزوں ہے جبکہ 50 فیصد افراد نے شادی کیلئے کسی بھی عمر کو مثالی قرار نہیں دیا ۔
والدین بننے کے حوالے سے سروے کے نتائج میں یہ بات سامنے آئی کہ اوسطاً 27.3 سال کی عمر کو لوگوں نے مثالی عمر قرار دیا جبکہ 40 فیصد افراد کے مطابق اولاد کے حصول کیلئے کسی عمر کو بہترین قرار نہیں دیا جاسکتا۔
سروے میں شامل 28 فیصد افراد نے 25 سے 29 سال جبکہ بہت کم افراد نے 20 سال سے پہلے یا 35 سال یا اس سے زائد عمر کو والدین بننے کیلئے بہترین قرار دیا۔



