
یہ واقعہ ممفس شہر میں پیش آیا، جس میں 35 سالہ جیراڈ کرک ووڈ کو اپنے پالتو کتے اوریو کے حادثاتی طور پر گولی مارنے سے زخمی ہونا پڑا۔
جیراڈ کرک ووڈ نے ممفس پولیس کو رپورٹ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بستر پر ایک گن کے ساتھ لیٹا ہوا تھا، جب اچانک اوریو کمرے میں آیا اور چھلانگ لگا کر گن کے قریب پہنچ گیا۔
جیراڈ کے مطابق اوریو کا پنجہ گن کے ٹریگر پر پھنس گیا، جس کیوجہ سے گولی چل گئی۔ گولی جیراڈ کے جسم میں جا لگی اور وہ زخمی ہو گیا۔
اس وقت جیراڈ کے ساتھ ایک خاتون بھی موجود تھی، جو فوراً گولی چلنے کے بعد گھر سے نکل گئی اور گن کو اپنے ساتھ لے گئی۔ زخمی جیراڈ کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت زیادہ خراب نہیں تھی۔
مقامی پولیس نے خاتون سے بات کی، جس کا کہنا تھا کہ اوریو ایک اچھا کتا ہے اور وہ اپنے مالک کے ساتھ کھیلنا اور اچھلنا پسند کرتا ہے۔
اس حادثے نے یہ بات بھی واضح کر دی کہ امریکہ میں اسلحہ کا استعمال کتنا عام ہے، جس کی وجہ سے حادثاتی فائرنگ کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔
خیال رہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے جب کسی پالتو جانور نے اپنے مالک کو گولی ماری ہو۔ 2018 میں رچرڈ ریمی نامی شخص نے بھی رپورٹ کیا تھا کہ اس کے کتے نے حادثاتی طور پر گن چلا کر اسے زخمی کر دیا تھا۔ اسی طرح 2019 میں میٹ برینچ کو بھی ایسا ہی ایک حادثہ پیش آیا تھا۔