طلاق کا غم: چینی شہری نے عام افراد کو روند ڈالا،35 ہلاک
November, 12 2024
بیجنگ:(ویب ڈیسک)چین کے جنوبی صوبے گوانگڈونگ کے شہر زوہائی میںایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس میں تیز رفتار گاڑی نے سڑک پر چلنے والے لوگوں کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں 35 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور 43 زخمی ہوگئے۔
حادثہ شام 7 بج کر 48 منٹ پر پیش آیا اور فوری طور پر لوگوں کی جانیں بچانے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔
حادثے کے بعد چینی پولیس نے 62 سالہ ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔
ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ ڈرائیور اپنی طلاق کے بعد شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔
پولیس کے مطابق، حادثے کے بعد ڈرائیور نے خود کو چھریوں سے زخمی کرنے کی کوشش بھی کی، جس کے بعد اسے علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام نے معاملے کی مکمل چھان بین شروع کر دی ہے تاکہ حادثے کے پیچھے وجوہات کا پتہ چلایا جا سکے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔
چین کے صدر شی جن پنگ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر زخمیوں کے علاج کے بہترین اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے اور اس حادثے میں ملوث شخص کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس سانحے نے پورے ملک میں غم اور غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔ عوامی ردعمل کے بعد چینی حکام حادثے کے اسباب اور ڈرائیور کی ذہنی حالت کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔
یہ واقعہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ معاشرتی مسائل اور نفسیاتی دباؤ کے اثرات کتنے گہرے اور خطرناک ہو سکتے ہیں۔
حادثے نے عوام کو جھنجوڑ کر رکھ دیا ہے اور نفسیاتی مدد کے حوالے سے مزید مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسی اموات اور حادثات سے بچا جا سکے۔