ٹرمپ کی جیت، ایلون مسک کی دولت میں 26.5 ارب ڈالر کا اضافہ
Elon Musk
لاہور: (ویب ڈیسک) امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت نے جہاں سیاسی منظرنامے کو تبدیل کیا وہیں دنیا کے امیر ترین افراد کے لیے مالی فائدے کا باعث بھی بنی، نومنتخب صدر کی کامیابی کے بعد دنیا بھر کے ارب پتیوں کی دولت میں ایک ہی دن میں ریکارڈ 64 ارب ڈالر کا اضافہ دیکھنے کو ملا جس میں سب سے بڑا فائدہ ایلون مسک کو ہوا۔

امریکی خبررساں ادارے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ایلون مسک کی دولت میں 26.5 ارب ڈالر کا غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، ان کی کمپنی ٹیسلا کے حصص کی قیمت میں 14.8 فیصد کا بڑا اضافہ ہوا جس سے مسک کی مجموعی دولت میں زبردست اضافہ ہوا۔

اس دن کے دوران ٹیسلا کے سٹاک کی قیمت میں اتنا بڑا اضافہ نہ صرف مسک کی ذاتی دولت میں اضافے کا سبب بنا بلکہ کمپنی کی مارکیٹ ویلیو بھی بڑھ گئی۔

ایلون مسک کے علاوہ دوسرے معروف ارب پتیوں میں جیف بیزوس اور کوائن بیس کے بانی برائن آرمسٹرانگ بھی شامل ہیں جنہوں نے اس دن اپنے سٹاک کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے ساتھ خوب دولت سمیٹی۔

جیف بیزوس کی کمپنی ایمازون اور برائن آرمسٹرانگ کے کرپٹو کرنسی پلیٹ فارم کی قیمتوں میں 31 فیصد اضافہ دیکھنے کو ملا جس سے ان کی ذاتی دولت میں بھی بڑا اضافہ ہوا۔

ٹرمپ کی جیت کے بعد یہ دن ارب پتیوں کے لیے ایک مالی کامیابی بن کر سامنے آیا جس میں مجموعی طور پر 64 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، یہ اضافہ ایک دن میں ارب پتیوں کی دولت کا سب سے بڑا اضافہ ہے جو مالی دنیا کے لیے ایک غیر معمولی واقعہ ہے۔

واضح رہے کہ اس دن کے دوران سٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ اضافے نے سرمایہ کاروں اور عالمی مالیاتی منڈیوں کے لیے خوشی کا باعث بنادیا، لیکن دوسری جانب یہ سوال بھی اٹھا کہ کیا یہ اضافہ عارضی ہے یا اس کا اثر طویل مدت تک باقی رہے گا۔