امریکی صدر کے خصوصی ایلچی بیروت پہنچ گئے
The special envoy of the US President arrived in Beirut
بیروت:(ویب ڈیسک)امریکی صدر کے خصوصی نمائندے آموس ہوکسٹین اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان ایک ماہ سے جاری جنگ کے خاتمے کا راستہ تلاش کرنے کے لیے لبنان کے دارالحکومت بیروت پہنچے اور لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیح بری سے بات چیت کی۔
 
ایک بااثر شیعہ سیاست دان سے ملاقات کے بعد جو حزب اللہ کی جانب سے مذاکرات کے انچارج ہیں، ہاکسٹین نے کہا کہ تمام فریق ایک ایسا فارمولہ تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس سے اسرائیل-حزب اللہ جنگ "ایک بار اور ہمیشہ کے لیے" ختم ہو جائے۔
 
اپنے سفر کے دوران ہاکسٹین لبنان کے وزیر اعظم سے بھی ملاقات کریں گے۔
 
امریکی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیل نے گذشتہ ہفتے جو بائیڈن انتظامیہ کو جنگ بندی کی شرائط کی ایک طویل فہرست پیش کی تھی۔
 
امریکی خصوصی ایلچی کی آمد سے چند گھنٹے قبل بیروت اور جنوبی لبنان کو اسرائیل کے نئے فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔
 
دریں اثناء امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن غزہ میں جنگ بندی کے حصول کی کوششوں میں آج پھر مشرق وسطیٰ کے دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔
 
گذشتہ برس جنگ شروع ہونے کے بعد امریکی وزیر خارجہ کا مشرق وسطیٰ کا یہ گیارہواں دورہ ہے۔
 
اگست میں اسرائیل کے اپنے آخری دورے کے موقع پربلنکن نے خبردار کیا تھا کہ امریکی قیادت میں جنگ بندی کے منصوبے کا یہ آخری موقع ہو سکتا ہے۔