پروٹین کی کمی کی علامات کیا ہیں؟
Food with Protein
لاہور:(ویب ڈیسک)پروٹین جسم کیلئے انتہائی اہم ہے کیونکہ یہ کئی اہم کاموں کیلئے ضروری ہے،جیسے کہ ٹشوز بنانے،انزائمز و ہارمونز کی پیداوار اور قوت مدافعت کو مضبوط کرنا۔

پروٹین کا مناسب استعمال آپ کے جسم کو مضبوط، توانا اور صحتمند بناتا ہے،اس کی کمی سے مختلف طبی مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔پروٹین مختلف امینو ایسڈز پر مشتمل ہوتا ہے جو جسم کو اہم افعال سر انجام دینے کیلئے درکار ہوتے ہیں۔اگر جسم کو مناسب مقدار میں پروٹین نہ ملیں تو یہ کمزوری ور بیماریوں کا سبب بننے کے ساتھ ساتھ صحت کے دیگر مسائل کا باعث بن سکتے ہیں۔

اگر آپ کے جسم میں پروٹین کی کمی ہو رہی ہے تو اس کی چند واضح نشانیاں محسوس ہوتین ہیں،جنہیں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔آئیے جانتے ہیں کہ پروٹین کی کمی کی علامات کیا ہو سکتی ہیں اور کیسے آپ اپنی خوراک میں تبدیلی کر کے صحت مند زندگی کی طرف واپس جا سکتے ہیں۔

1. مسلز کا گھٹنا اور کمزوری

پروٹین جسم میں پٹھوں کو مضبوط اور صحتمند رکھنے کیلئے لازمی ہیں۔اگر آپ کی خوراک میں پروٹین کی مقدار کم ہو تو جسم اپنی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے مسلز کو توڑنا شروع کر دیتا ہے،جس سے پٹھوں کی کمزوری اور حجم میں کمی واقع ہوتی ہے۔آپ کو معمول کے کام مثلاً سیڑھیاں چڑھنا یا وزنی چیزیں اٹھانا مشکل محسوس ہو سکتا ہے۔

2. زخموں کا دیر سے بھرنا

پروٹین جسم میں ٹشوز کی مرمت اور دوبارہ ان کو دوبارہ بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اگر آپ کے جسم میں پروٹین کی کمی ہو تو چوٹ،زخم یا خراش کو بھرنے میں وقت لگ سکتا ہے۔اگر آپ محسوس کریں کہ معمولی چوٹیں یا کٹ لگنے کے بعد زخم دیر سے بھرتے ہیں تو یہ اس بات کی نشانی ہو سکتی ہے کہ آپ کی پروٹین کی مقدار ناکافی ہے۔

3. بار بار بیمار ہونا

پروٹین کی کمی قوت مدافعت پر بھی منفی اثر ڈالتی ہے۔ہمارے جسم میں اینٹی باڈیز جو انفیکشنز اور جراثیم سے لڑنے کیلئے بنتی ہیں،پروٹین پر مشتمل ہوتی ہیں۔ اگر آپ کی خوراک میں پروٹین کم ہے تو جسم کی مدافعتی صلاحیت کمزور ہو سکتی ہے، جس سے آپ بار بار نزلہ،زکام یا دیگر بیماریوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔

4. بالوں، جلد اور ناخنوں کے مسائل

بال، جلد اور ناخن پروٹین سے بنے ہوتے ہیں۔ جب جسم کو پروٹین کی مناسب مقدار نہیں ملتی تو بال جھڑنے لگتے ہیں،ناخن کمزور اور ٹوٹنے لگتے ہیں اور جلد خشک یا چکنی محسوس ہو سکتی ہے۔ یہ جسم میں پروٹین کی کمی کی کچھ ایسی علامات ہیں جو با آسانی دیکھی جا سکتی ہیں۔

5. تھکاوٹ اور کمزوری

پروٹین توانائی فراہم کرنے کا ایک دیرپا ذریعہ ہوتا ہے۔اگر آپ کی خوراک میں پروٹین کم ہیں تو آپ کو دن بھر تھکاوٹ یا سستی محسوس ہو سکتی ہے کیونکہ جسم کو مطلوبہ توانائی نہیں مل رہی ہوتی۔ مستقل تھکاوٹ اور سستی اس بات کی علامت ہو سکتی ہے کہ آپ کی خوراک میں پروٹین کی کمی ہے۔

6. بھوک اور کھانے کی خواہش میں اضافہ

پروٹین جسم میں بھوک کو کنٹرول کرنے میں مدد کرتا ہے اور پیٹ بھرنے کا احساس دلاتا ہے۔ اگر آپ پروٹین کم کھاتے ہیں تو آپ کو بار بار بھوک لگ سکتی ہے یا میٹھے اور نشاستہ دار غذاؤں کی زیادہ طلب ہو سکتی ہے۔ یہ اس بات کی نشانی ہے کہ جسم متبادل توانائی کے ذرائع تلاش کر رہا ہے۔

7. مزاج میں تبدیلی یا پریشانی

پروٹین دماغ میں نیورو ٹرانسمیٹرز بنانے میں بھی مدد فراہم  کرتے ہیں جو ہمارے موڈ اور جذبات کو کنٹرول کرتے ہیں۔پروٹین کی کمی سے دماغی کارکردگی متاثر ہوتی ہے،جس سے چڑچڑا پن،پریشانی یا ڈپریشن جیسی کیفیات محسوس ہوتی ہیں۔اگر آپ اپنے موڈ میں غیر معمولی تبدیلیاں محسوس کرتے ہیں تو پروٹین کی کمی اس کا سبب ہو سکتی ہے۔