واٹس ایپ صارفین کیلئے میٹا AI کا انقلابی قدم
Whatsapp Meta AI
لاہور:(ویب ڈیسک)میٹا نے اپنے چیٹ بوٹ کیلئے ایک نئی یادداشت کی خصوصیت متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے،جو صارفین کی گفتگو کو خودکار طریقے سے مزید ذاتی نوعیت کا بنانے کیلئے ڈیزائن کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل میٹا نے واٹس ایپ پر میٹا AI چیٹس کیلئے صوتی پیغام کی مدد متعارف کرائی تھی اور اب یہ نئی یادداشت کی خصوصیت صارفین کیلئے ایک نیا تجربہ فراہم کرے گی۔

WABetaInfo  کے مطابق آنے والی یادداشت کی خصوصیت میٹا AI کو آپ کی جانب سے فراہم کردہ تمام معلومات کو یاد رکھنے کی اجازت دے گی تاکہ یہ مستقبل کی بات چیت میں مزید متعلقہ جوابات فراہم کر سکے۔یہ خصوصیت خاص طور پر صارفین کی ذاتی معلومات جیسے کہ تاریخ پیدائش،ذاتی دلچسپیاں اور دیگر تفصیلات یاد رکھے گی،جس کی بنیاد پر یہ آئندہ کے جوابات کو حسب ضرورت خود ہی تیار کرے گا۔

واضح رہے کہ یہ یادداشت کی خصوصیت فی الحال صارفین کیلئے دستیاب نہیں ہے،تاہم یہ اینڈرائیڈ واٹس ایپ بیٹا میں دریافت کی گئی ہے۔ایک نئی یادداشت کی سیکشن جلد ہی میٹا AI کے کانٹیکٹ کارڈ پر نظر آئے گی۔صارفین کو ایک مخصوص کمانڈ "remember this" کا استعمال کرتے ہوئے میٹا AI میں دستی طور پر معلومات داخل کرنے کی اجازت ہوگی۔

صارفین کے پاس یہ اختیار بھی ہوگا کہ وہ کسی بھی وقت اپنی فراہم کردہ معلومات کو ہٹا سکیں یا اس میں ترمیم کر سکیں،جس سے انہیں مکمل کنٹرول حاصل رہے گا۔

خیال رہے کہ میٹا نے اس خصوصیت کے بارے میں ابھی تک کوئی اعلان نہیں کیا اور نا ہی اس کے اجرا کی تاریخ بتائی ہے۔ یہ نئی یادداشت کی خصوصیت مستقبل میں واٹس ایپ کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کی امید ہے اور صارفین کو ان کے ذاتی معلومات کے مطابق جوابات فراہم کرنے کی صلاحیت بھی دے گی۔

یہ خصوصیت خاص طور پر ان صارفین کیلئے خوشخبری ہے جو چاہتے ہیں کہ ان کی گفتگو ہمیشہ متعلقہ اور ذاتی نوعیت کی رہے۔