بولیویا میں فوجی بغاوت ناکام، باغی آرمی چیف گرفتار
Image
لاپاز: (ویب ڈیسک) جنوبی امریکا کے ملک بولیویا کے صدر لوئی آرک نے حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش اور فوجی بغاوت ناکام بنانے پر لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فوجی بغاوت ناکام بنائے جانے کے بعد بولیویا کی فوج کے جنرل جوآن ہوزے زُونیگا کو گرفتار کرلیا گیا۔ منتخب حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کے دوران بہت ساری فوجی گاڑیاں صدارتی محل کی بلڈنگ سے ٹکرا دی گئی تھیں۔

 

صدارتی محل کی حفاظت پر مامور سیکیورٹی اہلکاروں نے فوجی گاڑیوں کے ذریعے صدارتی محل کے محاصرے کی کوشش ناکام بنایا اور کئی فوجیوں کو گرفتار کرلیا، اس کے بعد تمام گاڑیاں وہاں سے ہٹا دی گئیں۔

 

بولیویا کے صدر لوئی آرک نے فوج کا نیا سربراہ مقرر کر دیا جنہوں نے فوج کو حکم دیا کہ منتخب حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف کوئی ہتھیار نہ اٹھائے جائیں۔

نئے فوجی سربراہ کا حکم ملتے ہی فوجی اپنی بیرکس میں واپس جانا شروع ہوگئے۔ صدر آرک کے ہزاروں حامی صدارتی محل کے سامنے چوک میں جمع ہوگئے۔ انہوں نے بولیویا کے پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔

 

صدر لوئی آرک نے باہر آکر عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ آئندہ بھی منتخب حکومت کا تختہ الٹنے کی ہر کوشش کو ناکام بنائیں گے اور عوام سے مدد طلب کریں گے۔