چنگان کی پہلی الیکٹرک گاڑی ’لومن‘ پاکستان میں رونمائی کیلئے تیار
File photo
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کے شوقین افراد کے لیے خوشخبری، چنگان نے اپنی پہلی الیکٹرک گاڑی ’لومن‘ کو پاکستان آٹو شو 2024 میں متعارف کرانے کا اعلان کر دیا۔

پاکستان آٹو شو 25 اکتوبر 2024 کو ہونے والا ہے جس میں گاڑیوں کے شوقین افراد کو ہائبرڈ، پلگ-ان ہائبرڈ اور الیکٹرک گاڑیوں کی نئی لائن اپ دیکھنے کو ملے گی۔

چنگان لومن کی بین الاقوامی کامیابی

چنگان کی ’لومن‘ مِنی ای وی اپریل 2022 میں عالمی مارکیٹ میں لانچ کی گئی تھی اور اب اسے پاکستان میں بھی متعارف کرایا جا رہا ہے، چنگان نے ابھی تک مقامی مارکیٹ کے لیے گاڑی کی مکمل تفصیلات ظاہر نہیں کیں مگر بین الاقوامی ماڈل کے حوالے سے کچھ اہم خصوصیات سامنے آئی ہیں۔

انجن اور کارکردگی

بین الاقوامی مارکیٹ میں چنگان لومن 2 مختلف LFP بیٹری آپشنز کے ساتھ دستیاب ہے جن میں 12.92 کلوواٹ آور اور 17.65 کلوواٹ آور بیٹریز شامل ہیں، جو بالترتیب 155 کلومیٹر اور 210 کلومیٹر کی رینج فراہم کرتی ہیں، بعد ازاں ایک اور بیٹری آپشن متعارف کرایا گیا جس کی گنجائش 27.99 کلوواٹ آور ہے اور یہ 301 کلومیٹر کی رینج فراہم کرتی ہے۔

لومن کو ایک سنگل الیکٹرک موٹر (FWD) چلاتی ہے جو 30 کلوواٹ (41 ہارس پاور) کی طاقت پیدا کرتی ہے اور ایک زیادہ طاقتور 35 کلوواٹ (48 ہارس پاور) کا موٹر آپشن بھی دستیاب ہوگا۔

بیرونی ڈیزائن

لومن ایک دلکش اور جدید بیرونی ڈیزائن کی حامل ہے، گاڑی میں گول ایل ای ڈی لائٹس، پوپ آؤٹ دروازوں کے ہینڈلز، اور ایرودائنامک وہیل کورز شامل ہیں جو اس کی خوبصورتی کو بڑھاتے ہیں، اس کی لمبائی 3270 ملی میٹر، چوڑائی 1700 ملی میٹر، اور اونچائی 1545 ملی میٹر ہے، اس کا وہیل بیس 1980 ملی میٹر ہے جو اسے تنگ جگہوں میں بھی باآسانی چلانے کے قابل بناتا ہے۔

اندرونی خصوصیات

لومن کا اندرونی حصہ بھی خاصا کشادہ اور آرام دہ ہے، اس کا 10.25 انچ کا فلوٹنگ ٹچ سکرین سینٹر کنسول میں موجود ہے، جو نیویگیشن، فون، موسیقی اور خودکار ڈرائیونگ کے فیچرز فراہم کرتا ہے، اس میں ایک روٹری گیئر شفٹر اور ڈرائیونگ موڈز کے انتخاب کے لیے بٹن موجود ہے جن میں ’ایکو‘ اور ’سپورٹ‘ موڈز شامل ہیں۔

گاڑی میں بچوں کی حفاظت کے لیے ISOfix فکسنگ پوائنٹس اور 104 لیٹر کا ٹرنک بھی موجود ہے، لومن کا سپورٹی سٹیئرنگ وہیل فلیٹ بوٹم کے ساتھ آتا ہے جو آرام دہ گرِپ فراہم کرتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کا رجحان بڑھ رہا ہے اور چنگان کی لومن متعارف کروانے کا فیصلہ اس بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کو پورا کرنے کی طرف اہم قدم ہے، اس گاڑی کی متوقع قیمت اور مقامی خصوصیات کا اعلان بھی جلد متوقع ہے۔