کہاں کہاں بادل برسیں گے؟ محکمہ موسمیات کی اہم پیش گوئی
File photo
لاہور: (سنو نیوز) محکمہ موسمیات نے صوبہ خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش برسنے کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج کے روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی یہی صورتحال برقرار رہے گی، البتہ چترال، سوات اور دیر کے علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا اور بارش کی توقع بھی کی جا رہی ہے۔

صوبہ پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد اور ان کے گردونواح میں صبح کے وقت سموگ یا ہلکی دھند کا امکان ہے جس سے آمدورفت متاثر ہو سکتی ہے۔

صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع بھی خشک موسم کی لپیٹ میں ہیں، صوبہ سندھ میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے کشمیر میں بھی موسم خشک رہنی کی پیشگوئی کی گئی ہے، اسی طرح گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا اور چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔

واضح رہے کہ یہ موسم کی صورتحال خاص طور پر زراعت اور صحت کے شعبوں میں اہمیت رکھتی ہے جس کے باعث عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے،  شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بارش کے دوران سفر کرتے وقت احتیاط برتیں اور سموگ کے ممکنہ اثرات سے بچنے کے لئے احتیاط کریں۔