کِیا(KIA) کی پہلی الیکٹرک گاڑی پاکستان میں لانچ ہونے کو تیار
KIA electric vehicles
لاہور:(ویب ڈیسک)عالمی آٹو انڈسٹری میں الیکٹرک گاڑیوں کا رجحان تیزی سے فروغ پا رہا ہے،پاکستان میں بھی الیکٹرک گاڑیوں کی مانگ میں کافی حد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔اس پیش رفت کے تحت کِیا(KIA) موٹرز نے اپنی پہلی الیکٹرک گاڑی کا عندیہ دے دیا ہے،جو کہ پاکستان آٹو شو (PAPS) 2024 میں 25 اکتوبر کو پیش کی جائے گی۔

اس پرجوش پیغام کے ساتھ کِیا(KIA) نے ایک ٹیزر جاری کیا ہے،جس نے گاڑیوں کے شوقین افراد میں خوشی کی لہر پیدا کر دی ہے۔تاحال کمپنی نے ابھی تک اپنے ماڈل کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں،مگر انڈسٹری کے ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ گاڑی کِیا(KIA) کی EV5 ماڈل ہو سکتی ہے۔

پاکستان میں بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آگاہی اور توانائی کے متبادل ذرائع کی ضرورت کے پیشِ نظر کِیا(KIA) کا یہ اقدام ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔دنیا بھر میں کلین انرجی اور پائیدار نقل و حرکت کی طرف بڑھنے کے رجحان کے ساتھ  ساتھ پاکستان میں بھی الیکٹرک گاڑیوں کا بازار فروغ پا رہا ہے۔جیسے کہ یہ سب جانتے ہیں کہ پاکستانی صارفین میں الیکٹرک گاڑیوں کی طرف رجحان میں کافی حد اضافہ ہو رہا ہے،جس کیوجہ سے توقع کی جا رہی ہے کہ آنے والے سالوں میں یہ مارکیٹ مزید بڑھتی جائے گی۔

واضح رہے کہ کِیا(KIA) کی یہ الیکٹرک گاڑی پاکستان کی گاڑیوں کی صنعت میں مسابقت کو بڑھائے گی۔ پاکستان آٹو شو 2024 میں ایم جی موٹرز اور ہنڈائی بھی اپنی نئی ہائبرڈ اور پلگ اِن ہائبرڈ گاڑیاں پیش کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔یہ مقابلہ صارفین کو بہترین اور جدید ترین گاڑیاں فراہم کرنے کیلئے صنعت میں جدت اور تخلیق کو فروغ دے گا۔

کِیا(KIA) کی الیکٹرک گاڑی کا تعارف نہ صرف ایک بڑی کامیابی ہو گا بلکہ یہ پاکستان کی آٹو انڈسٹری کو بھی نئی سمت دے گا۔ الیکٹرک گاڑیاں نہ صرف ماحول دوست ہیں بلکہ یہ پٹرول اور ڈیزل پر منحصر گاڑیوں کے مقابلے میں کافی سستی اور مؤثر بھی ثابت ہو سکتی ہیں۔اس کے ساتھ ہی پاکستان کی معیشت کو بھی فروغ ملے گا کیونکہ یہ گاڑیاں کلین انرجی کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گی،جو کہ حالیہ دور میں ایک بڑھتا ہوا اور سنگین مسئلہ ہے۔

گاڑیوں کے شوقین افراد کا کہنا ہے کہ کِیا(KIA) موٹرز کی پہلی الیکٹرک گاڑی کا پاکستان میں لانچ ہونا ایک اہم پیش رفت اور مثبت قدم ہے جو ملک کی آٹو انڈسٹری اور صارفین کیلئے ایک بڑی خوشخبری ہے۔ پی اے پی ایس 2024 میں اس گاڑی کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے،جو کہ پائیدار اور ماحول دوست نقل و حرکت کی طرف ایک اہم قدم ثابت ہو گا۔