ٹی 20 ورلڈ کپ: کیویز نے پروٹیز کو ہرا کر فائنل کی ٹکٹ کٹا لی
نیوزی لینڈ پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کو 9وکٹ سے شکست دے کر آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گیا۔
فوٹو بشکریہ کرکٹ ویب سائٹ
کولکتہ: (سنو نیوز) نیوزی لینڈ پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کو 9وکٹ سے شکست دے کر آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گیا۔

کولکتہ کے ایڈن گارڈنز کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ نے 170 رنز کا ہدف12.5 اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا، فن ایلن نے 33 گیندوں پر 8چھکوں اور 10چوکوں کی مدد سے 100رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی جبکہ ٹم سیفرٹ 58 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ راچن روندرا 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے واحد وکٹ کگیسو رباڈا نے حاصل کی۔

قبل ازیں جنوبی افریقہ نے پہلے کھیلتے ہوئے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 170 رنز کا ہدف دیا، پروٹیز کی جانب سے مارکو جینسن نے 30گیندوں پر 5چھکوں اور 2چوکوں کی مدد سے55 رنز کی اننگ کھیلی۔

جنوبی افریقہ کے ڈیو الڈ بریوس34، ٹرسٹن سٹبز 29، کپتان ایڈم مارکرم 18، کوئنٹن ڈی کاک 10 اور ڈیوڈ ملر 6رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری ،کول میک کونچی اور راچن رویندرا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ لوکی فرگوسن اور جمی نیشم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا دوسرا سیمی فائنل کل بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ممبئی میں کھیلا جائے گا۔  

ضرور پڑھیں