پاکستان نے دوسرے ٹی20 میں آسٹریلیا کو90 رنز سے شکست دے دی
Pakistan beat Australia by 90 runs
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان نے دوسرے ٹی20 میچ میں آسٹریلیا کو 90 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن 2-0 کی برتری حاصل کر لی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو یکطرفہ مقابلے میں زیر کر لیا۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے۔ کپتان سلمان آغا نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 40 گیندوں پر 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں خوبصورت اسٹروکس اور اعتماد جھلکتا رہا۔

عثمان خان نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 35 گیندوں پر 53 رنز اسکور کیے، جبکہ شاداب خان نے 28 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کے مجموعے کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔

199 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم پاکستانی باؤلرز کے سامنے بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم 108 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے کیمرون گرین نے 35 اور میتھیو شارٹ نے 27 رنز بنا کر کچھ مزاحمت دکھائی، تاہم دیگر بیٹرز زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے۔

پاکستان کی باؤلنگ لائن نے بھی اس جیت میں شاندار کارکردگی دکھائی، ابرار احمد اور شاداب خان نے 3،3 وکٹیں حاصل کر کے آسٹریلوی بیٹنگ کی کمر توڑ دی، عثمان طارق نے 2 اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ صائم ایوب اور محمد نواز نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔