تیسرا ٹی 20، پاکستان کو سری لنکا کے ہاتھوں شکست، سیریز برابر
سری لنکا نے سریز کے تیسرے  اور آخری ٹی 20 میچ میں پاکستان کو شکست دے کر سیریز 1-1  سے برابر کردی۔
فائل فوٹو
دمبولا: (سنو نیوز) سری لنکا نے سریز کے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں پاکستان کو شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

سری لنکا کے جانب سے دیے گئے 161 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم مقررہ 12 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 146 رنز ہی بنا پائی۔

پاکستان کی جانب سے کپتان سلمان علی آغا 12 گیندوں پر 45 رنز بنا کر نمایاں رہے، محمد نواز 28، خواجہ نافع 26 رنز بنا پائے جبکہ دوسرا کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکا۔

مہمان ٹیم پاکستان کے اوپنر بیٹر صاحبزادہ فرحان اور فہیم اشرف 9،9، صائم ایوب اور شاداب خان 6،6 جبکہ عثمان خان ایک رن بنا کر پویلین لوٹے، محمد وسیم جونیئر نے 7 اور نسیم شاہ نے ایک رن کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔

سری لنکا کی جانب سے وانندو ہاسارنگا نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین راہ دکھائی جبکہ ماتھیشا پاتھی رانا نے 2 اور ایشان مالِنگا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں میزبان سری لنکا نے پاکستان کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا اور مقررہ 12 اوورز میں 160 رنز بنائے۔

سری لنکن کپتان داشن شناکا نے جارحانہ اننگ کھیلی اور 9 گیندوں پر 5 چھکوں کی بدولت 34 رنز بنا کر نمایاں رہے، کوشال مینڈس 30، ڈی سلوا 22، چیرتھ اسالنکا 21 اور کامل مشارا 20 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

اسی طرح لنکن اوپنر پاتھم نسانکا بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے جبکہ جینتھ لینانیج نے 22 اور وانندو ہاسارنگا نے ایک رن کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ نسیم شاہ، محمد نواز اور فہیم اشرف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس طرح سری لنکا نے تین ٹی 20 سیریز کے آخری میچ میں پاکستان کو شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی، یاد رہے کہ سیریز کا دوسرا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا جبکہ پہلے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔