عماد وسیم کی اہلیہ کے شوہر سے علیحدگی کے بعد تہلکہ خیز انکشافات
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق نے حیران کن انکشافات کردیے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق نے حیران کن انکشافات کردیے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں عماد وسیم کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میرا گھر اجاڑ دیا گیا، بچے اپنے والد سے محروم ہوگئے جبکہ پانچ ماہ کے بچے کو اب تک اس کے والد نے نہیں تھاما۔

ان کا کہنا تھا کہ عماد سے رشتہ ازدواج میں منسلک رہنے کے دوران مشکلات ضرور درپیش رہیں مگر تعلق برقرار رہا ، میں نے بطور اہلیہ اور ماں رشتہ نبھانے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن معاملات اس وقت بگاڑ کا شکار جب ہماری ازدواجی زندگی میں ایک تیسری شخصیت داخل ہوئی۔

ثانیہ اشفاق نے کہا کہ وہ تیسری شخصیت عماد وسیم سے شادی کی خواہاں تھی، میں نے اپنے بچوں کے مستقبل اور گھر کو بچانے کی خاطر ذہنی اذیت اور تلخ رویہ بھی برداشت کیا۔

عماد وسیم کی سابقہ اہلیہ کا کہنا تھا کہ جو لوگ مجھے چپ رہنے کے مشورہ دے رہے ہیں انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ انصاف ضرور ہوگا اور اس معاملے سے متعلق تمام باتوں کے دستاویزی شواہد موجود ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ دستاویزات منظرِ عام پر لانے سے روکنے کی دھمکیوں سے قانونی طور پر نمٹا جائے گا، میں بدلے کے لیے نہیں بلکہ صرف اپنے اور بچوں کے حق میں سچ بول رہی ہوں اور ہر اس خاتون کی آواز بننا چاہتی ہوں جسے خاموش کرادیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عماد وسیم کا اہلیہ ثانیہ اشفاق سے علیحدگی کا فیصلہ

واضح رہے کہ اس سے قبل عماد وسیم نے اپنی اہلیہ سے طویل عرصے سے اختلافات کا اعتراف کرتےہوئے ان سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ بہت سے اختلافات گزشتہ برسوں سے حل نہیں ہو سکے ، مسلسل اختلافات کے باعث اہلیہ سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔

سابق آل راؤنڈر نے مداحوں اور عوام سے التجا کی کہ میری پرائیویسی کا احترام کیا جائے، پرانی تصاویر کو استعمال نہ کیا جائے اور ثانیہ اشفاق کو اب میری اہلیہ نہ کہا جائے۔

واضح رہے کہ عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق اگست 2019 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور دونوں کے 3 بچے ہیں۔