قومی ویمن ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد وسیم عہدے سے فارغ
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ویمن ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد وسیم عہدے سے ہٹا دیا۔
قومی ویمن ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد وسیم پریس کانفرنس کررہے ہیں (فائل فوٹو)
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ویمن ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد وسیم عہدے سے ہٹا دیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ محمد وسیم کو مدت ختم ہونے پر عہدے سے الگ کیا گیا، قومی ویمن ٹیم کے نئے کوچ کی تلاش جاری ہے، جلد نام سامنے آ جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ پی سی بی خواتین کرکٹ کے لیے پوری طرح کوشاں ہے، خواتین کرکٹ ٹیم کی بہتری کے لیے جو ہو گا کریں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویمن کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد ہیڈ کوچ محمد وسیم کو عہدے سے فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بورڈ ذرائع کا بتانا تھا کہ ویمن ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم ایک بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی، ٹیم کی مجموعی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی جس کے بعد پی سی بی نے فوری تبدیلیوں کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا ممکنہ شیڈول سامنے آگیا

ذرائع کے مطابق وسیم نہ صرف ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے میں ناکام رہے بلکہ بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں زوال دیکھنے میں آیا، ٹیم میں اتحاد کی کمی، کھلاڑیوں سے اختلافات اور کوچنگ کے غیر مؤثر انداز نے کارکردگی پر منفی اثر ڈالا۔

سابق ہیڈ کوچ محمد وسیم پر یہ بھی الزام تھا کہ انہوں نے سپورٹ اسٹاف کی تقرریاں ذاتی پسند کے مطابق کیں، تاہم نتائج پھر بھی صفر رہے۔

یاد رہے کہ محمد وسیم کو گزشتہ سال ویمن ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا تاہم بورڈ کی مکمل حمایت کے باوجود وہ نتائج دینے میں ناکام رہے۔