پاکستان ٹیم کی کپتانی اعزاز کی بات، ذمہ داری اچھے سے نبھاؤں گا: شاہین آفریدی
قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کی کپتانی میرے لیے اعزاز کی بات ہے، جو ذمہ داری ملی ہے اسے اچھے سے نبھاؤں گا۔
قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی (فائل فوٹو)
فیصل آباد: (سنو نیوز) قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کی کپتانی میرے لیے اعزاز کی بات ہے، جو ذمہ داری ملی ہے اسے اچھے سے نبھاؤں گا۔

پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں پری سیریز پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ فیصل آباد میں سترہ سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی جا رہی ہے، سب لڑکے پُر جوش اور پُر امید ہیں، اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا کی ٹیم اچھی کرکٹ کھیلتی آرہی ہے ، ہم نے بھی ٹی ٹوئنٹی سیریز اچھی کھیلی، اب جو ذمہ داری ملی اس پر فوکس ہوں ، قومی ون ڈے ٹیم کو مضبوط کرنا ہے، ٹیم کو فرنٹ سے لیڈ کرنے کو تیار ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں شاہین آفریدی نے کہا کہ ہمارا کام کرکٹ کھیلنا ہے، فیصلہ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہوتا، کچھ چیزیں ایسی ہوتی ہیں جس کا فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرنا ہوتا ہے، ہماری ذمہ داری ہے ادارہ جو فیصلہ کرے اس کو تسلیم کریں ۔

شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں چیمپئنز کپ کا تجربہ اچھا تھا، اس وقت موسم گرم تھا جس وجہ سے کچھ مشکلات بھی رہیں، اب موسم بہتر ہے ، شام میں بال گیلا ہو گا، کنڈیشنز کے حساب سے فیصلے کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: محمد حفیظ کی پاکستان کرکٹ بورڈ کے فیصلوں پر تنقید

قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان نے کہا کہ دورہ نیوزی لینڈ میں کپتانی کے دوران کوشش کی کہ جس کا حق بنتا اسے اس کی باری پر بھیجوں، میری کوشش ہوتی ہے جو رول ملے اسے اچھے طریقے سے ادا کروں، بابر اعظم کے فارم میں آنے کی خوشی ہے، بابر دنیا کا بہترین پلیئر ہے۔

دوسری جانب جنوبی افریقی کپتان میتھو برٹزکی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی میزبانی بہت اچھی ہے، فیصل آباد میں کھیل کر انجوائے کریں گے، ٹی ٹوینٹی سیریز کی غلطیوں کو نہیں دہرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم بڑے کھلاڑی ہیں ، پاکستان کے کرکٹ شائقین بہت لطف اندوز کرواتے ہیں، کوشش ہو گی بابر اعظم کو جلد آؤٹ کر کے شائقین کو چپ کروائیں۔