
افغانستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق ٹیم کے شیڈول اور مصروفیات کے باعث اس سیریز میں شرکت ممکن نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان ٹیم کے کچھ کھلاڑی دیگر بین الاقوامی لیگوں میں مصروف ہیں، جس کے باعث ٹیم کی دستیابی ایک بڑا مسئلہ بن گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک جنوبی افریقہ ٹی 20 سیریز، بابر اعظم کی واپسی متوقع
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے افغان فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سہ ملکی سیریز اپنے شیڈول کے مطابق ہی منعقد کی جائے گی۔ پی سی بی کے ترجمان کے مطابق تیسری ٹیم کے طور پر کسی دوسرے ملک کو شامل کرنے کے امکانات پر غور کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے بات چیت جاری ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ “پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کی شرکت یقینی ہے، جبکہ تیسری ٹیم کا فیصلہ بہت جلد کر دیا جائے گا۔” ممکنہ طور پر بنگلہ دیش، زمبابوے یا آئرلینڈ میں سے کسی ٹیم کو متبادل کے طور پر مدعو کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز 17 سے 29 نومبر تک پاکستان میں شیڈول ہے، جس کے تمام میچز لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جانے کا امکان ہے۔ پی سی بی کے مطابق یہ سیریز پاکستان کے لیے بین الاقوامی کرکٹ کے فروغ اور نیا ٹیلنٹ آزمانے کا اہم موقع ثابت ہوگی۔