بھارتی ٹینس اسٹار رادھیکا یادیو کو والد نے قتل کردیا
Radhika Yadav murder
فائل فوٹو
نیودہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کی ابھرتی ہوئی ٹینس اسٹار رادھیکا یادیو کو گھریلو جھگڑے کے دوران ان کے والد نے گولیاں مار کر قتل کردیا۔

اس اندوہناک واقعے نے نہ صرف بھارتی اسپورٹس حلقوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے بلکہ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی شدید ردعمل سامنے آرہا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 25 سالہ رادھیکا یادیو کئی قومی و بین الاقوامی ٹینس مقابلوں میں بھارت کی نمائندگی کر چکی ہیں، وہ ایک روشن مستقبل کی حامل کھلاڑی سمجھی جاتی تھیں۔

ذرائع کے مطابق واقعہ کے وقت رادھیکا اپنے والد کے ساتھ گھر اکیلی میں موجود تھیں، جب دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے جان لیوا تصادم میں بدل گئی۔

رپورٹس کے مطابق رادھیکا کے والد ان کی سوشل میڈیا سرگرمیوں، خاص طور پر انسٹاگرام ریلز پر ان سے ناخوش تھے۔اسی بنیاد پر دونوں کے درمیان پہلے بھی جھگڑے ہو چکے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:5 گیندوں پر 5 وکٹیں،ٹی 20 کرکٹ میں ریکارڈ قائم

بتایا جاتا ہے کہ والد نے غصے میں آ کر اپنی بیٹی پر متعدد گولیاں چلا دیں، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئیں۔ رادھیکا کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔

ہسپتال انتظامیہ نے واقعے کی اطلاع پولیس کو دی، جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے رادھیکا کے والد کو گرفتار کر لیا ہے اور واردات میں استعمال ہونے والا لائسنس یافتہ اسلحہ بھی اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ بھارت میں خواتین ایتھلیٹس کو درپیش چیلنجز اور خاندانی دباؤ کے مسائل پر ایک بار پھر بحث چھیڑنے کا سبب بن گیا ہے۔