ایشیا کپ 2025: پاکستان اور بھارت کتنی بار مدمقابل ہوں گی؟
Asia Cup 2025 Schedule
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ 2025 کے ممکنہ شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے،جس کے مطابق شائقینِ کرکٹ کو پاک بھارت سنسنی خیز مقابلے ایک بار نہیں بلکہ دو سے تین بار دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایشیا کپ رواں سال 4 یا 5 ستمبر سے شروع ہونے کا امکان ہے، جبکہ گروپ مرحلے میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 7 ستمبر کو دبئی میں مدمقابل ہوں گی۔ اس کے بعد 14 ستمبر کو سپر فور مرحلے میں دونوں ٹیموں کا ایک اور دلچسپ ٹاکرا متوقع ہے۔

اگر دونوں ٹیمیں فائنل تک رسائی حاصل کرتی ہیں تو شائقین کو 21 ستمبر کو تیسرا اور فیصلہ کن مقابلہ بھی دیکھنے کو ملے گا، جو ایشیا کپ 2025 کا فائنل ہوگا۔

رپورٹس کے مطابق ایشیا کپ 2025 کا انعقاد بھارت کی میزبانی میں ہوگا، مگر سیاسی حالات کے باعث یہ ٹورنامنٹ نیوٹرل وینیو یعنی دبئی میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کیلئے 17 دن کی مخصوص ونڈو مختص کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کرکٹ میچ کے دوران بلے باز چل بسا

خیال رہے کہ ایشیا کپ 2025 میں 6 ٹیمیں حصہ لیں گی، جن میں پاکستان، بھارت، افغانستان، سری لنکا، بنگلہ دیش اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ ٹی 20 فارمیٹ میں کھیلا جائے گا، جو ورلڈ ٹی 20 2026 سے قبل ٹیموں کیلئے بہترین تیاری کا موقع ہوگا۔

شائقین کرکٹ کو اب ٹورنامنٹ کے آغاز کا شدت سے انتظار ہے، جب دبئی کی سرزمین پر ایک بار پھر کرکٹ کا میدان سجے گا اور پاکستان و بھارت کا جوشیلہ ٹاکرا شائقین کے دلوں کی دھڑکن تیز کرے گا۔