فن ایلن نے کرس گیل کا بڑا ریکارڈ توڑدیا
Finn Allen Record
فائل فوٹو
نیو یارک:(ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کے جارح مزاج بلے باز فن ایلن نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی۔

 امریکا میں جاری میجر لیگ کرکٹ (MLC) میں شاندار اننگز کھیلتے ہوئے فن ایلن نے ایک اننگز میں 19 چھکے لگا کر ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ بیٹر کرس گیل کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔

فن ایلن نے سان فرانسسکو یونیکورن کی نمائندگی کرتے ہوئے واشنگٹن فریڈم کے خلاف صرف 51 گیندوں پر 151 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 19 چھکے اور متعدد چوکے شامل تھے۔

ذہن نشین رہے کہ اس سے قبل ایک اننگز میں سب سے زیادہ 18 چھکے لگانے کا ریکارڈ کرس گیل کے پاس تھا۔

اس کے ساتھ ساتھ فن ایلن نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 49 گیندوں پر تیز ترین 150 رنز بنانے کا بھی نیا ریکارڈ قائم کیا۔ وہ 34 گیندوں پر سنچری بنانے والے نیوزی لینڈ کے پہلے بیٹر بھی بن گئے ہیں، جس سے ان کی اننگز کرکٹ کی تاریخ میں یادگار بن گئی۔

ایم ایل سی کے اس افتتاحی میچ میں سان فرانسسکو یونیکورن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں پر 269 رنز کا پہاڑ جیسا اسکور کھڑا کیا۔ جواب میں واشنگٹن فریڈم کی ٹیم صرف 13.1 اوورز میں 146 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ میچ میں پاکستان کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔