تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 10 کی ڈرافٹنگ کی تاریخ میں تبدیلی کی گئی ہے، اب یہ تقریب 13 جنوری کو لاہور میں منعقد ہوگی۔
واضح رہے کہ پہلے یہ تقریب 11 جنوری کو گوادر میں ہونے والی تھی، لیکن سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اسے لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔
پی ایس ایل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرافٹنگ کی ریہرسل 12 جنوری کو لاہور میں کی جائے گی تاکہ تقریب کی تمام تر تیاریوں کو حتمی شکل دی جا سکے۔ پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ تقریب ہمیشہ کرکٹ کے شائقین کیلئے ایک دلچسپ موقع ہوتی ہے، جہاں دنیا بھر کے کرکٹرز اپنی قسمت آزمانے کیلئے آتے ہیں۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 کے ڈرافٹ میں پہلی پلاٹینیم پِک لاہور قلندرز کی ہوگی، جس کے بعد کراچی کنگز کی دوسری پِک ہوگی۔ اسی طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی، ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی باری بھی آئے گی۔ ہر ٹیم کیلئے یہ ڈرافٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ان کی ٹیم کی تشکیل اور مستقبل کی کامیابی کا انحصار ان کھلاڑیوں پر ہوتا ہے جنہیں وہ منتخب کرتے ہیں۔
اس سال پی ایس ایل 10 کیلئے دنیا بھر سے سیکڑوں کرکٹرز نے ڈرافٹ میں شرکت کیلئے سائن اپ کیا ہے۔ ان کھلاڑیوں میں آسٹریلیا، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقا، سری لنکا، بنگلہ دیش، کینیڈا، امریکا سمیت دیگر ممالک کے کھلاڑی شامل ہیں۔
اس ڈرافٹ میں آسٹریلوی کھلاڑیوں میں ڈیوڈ وارنر، کرس لِن، میتھیو شارٹ، ایلکس کیری، شون ایبٹ اور عثمان خواجہ شامل ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ نیوزی لینڈ کے ٹِم ساؤتھی، مارٹن گپٹل، ایڈم مِل، کولِن منرُو اور ڈیرل مچل بھی پی ایس ایل 10 کے ڈرافٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔جنوبی افریقی کھلاڑیوں میں رسی فین ڈر ڈسن، رائلی رُوسو اور کوربن بوش نے بھی ڈرافٹ کیلئے سائن اپ کیا ہے۔ انگلینڈ کے ایلکس ہیلز، لیوک وُڈ، ٹام کوہلر کیڈ مور، ٹام کرن، ڈیوڈ وِلی، ڈیوڈ مالان اور جیسن روئے بھی اس سیزن کے ڈرافٹ کا حصہ ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے گوداکیش موتی، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن اور مصتفیض الرحمان سمیت زمبابوے کے سکندر رضا بھی ڈرافٹ میں شامل ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ 10 میں گزشتہ سالوں کی طرح 6 ٹیمیں حصہ لیں گی، جن میں لاہور قلندرز، کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز شامل ہیں۔یہ سیزن ایک اور دلچسپ اور سنسنی خیز کرکٹ کا وعدہ کرتا ہے، جس کا آغاز 13 جنوری کو لاہور میں ہونے والی ڈرافٹنگ سے ہوگا۔