
پی ایس 10 کے پلیئر ڈرافت کی تقریب بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں 11 جنوری 2024 کو منعقد ہوگی، جہاں کرکٹ کے دیوانے شائقین ایک شاندار ایونٹ کا مشاہدہ کریں گے، پلیئرز ڈرافٹ کی تقریب میں پی ایس ایل کی چھ ٹیمیں اپنی باری کے مطابق کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گی۔
2 بار ٹائٹل اپنے نام کرنے والی ٹیم لاہور قلندرز سب سے پہلے کھلاڑی کا انتخاب کرے گی، دوسری باری کراچی کنگز کی ہوگی، اس کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پھر پشاور زلمی اپنے کھلاڑی چنیں گی۔
گزشتہ سیزن کی رنر اپ ٹیم ملتان سلطانز پانچویں اور دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ چھٹے نمبر پر کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گی۔
پلاٹینم کیٹیگری میں نئے دلچسپ انتخاب
پلاٹینم کیٹیگری کے دوسرے راؤنڈ میں اس بار اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلی باری ملے گی جبکہ لاہور قلندرز سب سے آخر میں اپنے کھلاڑی چنے گی۔ ہر ٹیم پلاٹینم، ڈائمنڈ اور گولڈ کیٹیگریز میں تین تین کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گی جو اس ڈرافٹ کو مزید دلچسپ بنا دے گا۔
فینز چوائس ایوارڈز کا اعلان
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایونٹ سے پہلے شائقین کے لیے "فینز چوائس ایوارڈز" کا بھی اعلان کیا ہے جہاں شائقین ماضی کے ایڈیشنز کے بہترین کھلاڑیوں کو ووٹ دے سکیں گے۔
یہ ایوارڈز 6 کیٹیگریز میں دیے جائیں گے، جن میں بہترین بیٹر، بہترین باؤلر، بہترین آل راؤنڈر، سب سے قیمتی کھلاڑی، بہترین انفرادی باؤلنگ پرفارمنس اور بہترین انفرادی بیٹنگ پرفارمنس شامل ہیں۔
پی ایس ایل کی شاندار تاریخ
ایچ بی ایل پی ایس ایل 2016 سے ہر سال شائقین کو کرکٹ کا بے مثال مزہ فراہم کرتی آئی ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ نے اب تک 3 بار (2016، 2018، 2024)۔ ٹائٹل جیتا ہے، لاہور قلندرز 2022 اور 2023 میں چیمپئن بنی، پشاور زلمی 2017، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 2019، کراچی کنگز 2020 اور ملتان سلطانز 2021 میں فاتح رہی ہیں۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 کے لیے گوادر کا انتخاب ایک منفرد اور شاندار فیصلہ ہے۔ یہ نہ صرف کرکٹ کے لیے نئی جہتیں کھولے گا بلکہ بلوچستان کے خوبصورت ساحلی علاقے کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کرے گا۔