ٹی 10 کا شیڈول جاری
pre-tournament press conference of T10 league
ابوظہبی:(ویب ڈیسک):ابوظہبی ٹی 10 کے 2024 ایڈیشن کا آغاز ہوگیا،ایونٹ میں شرکت کرنے والی تمام 10 ٹیموں کے نمائندے زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں اکٹھے ہوئے اور ٹورنامنٹ سے قبل پریس کانفرنس میں میڈیا سے گفتگو کی۔

واضح رہے کہ 2024 ابوظہبی ٹی 10 تاریخ کا سب سے بڑا سیزن ہوگا،جس میں 10 ٹیمیں میدان میں اتریں گی۔

پاکستان کے کرکٹ اسٹار روہان مصطفیٰ نے رواں سال کپتان کی حیثیت سے اسمپ آرمی میں شامل ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سیزن کیلئے اپنا وژن شیئر کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس شاندار ٹیم اور ٹورنامنٹ کا حصہ بننا بہت اچھا لگ رہا ہے،ہمارا مقصد واضح ہے کہ ٹیم کو چیمپیئن شپ ٹائٹل تک لیکرجانا ہے۔

نئی ٹیم عجمان بولٹس کے کپتان محمد نبی کا کہنا تھا کہ لیگ کا حصہ بننا بہت اچھا لگا ہے،جو دنیا بھر میں ٹی 10 کرکٹ کو متعارف کرانے اور مقبول بنانے میں اپنا مقام رکھتی ہے۔اگرچہ یہ ہمارا فرسٹ سیزن ہے،مگر ہم کافی پراعتماد ہیں اور ٹیم کیلئے سیزن کو یادگار بنانے واسطے اچھی ٹریننگ کر رہے ہیں۔

یوپی نوابز کے کپتان رحمان اللہ گرباز نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم اچھی حالت میں ہے۔یہ ٹیم کا پہلا سیزن ہے اور ہم اسے ایک دلچسپ اور کامیاب سفر بنانے پر نہایت خوش اور پرامید ہیں۔

خیال رہے کہ سیزن 7 کی چیمپیئن نیو یارک اسٹرائیکرز بھی 22 نومبر کو مورس ویل اسمپ آرمی کیخلاف اپنے ٹائٹل دفاعی سفر کا آغاز کرے گی۔

نائب کپتان محمد عامر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے گزشتہ سال کافی کامیاب مہم چلائی تھی،ہم اس بار بھی اسے دہرانے اور لگاتار دوسرا ٹائٹل جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔تمام کھلاڑی میدان پر ایکشن میں واپسی کیلئے تیار ہیں اور دو ہفتے کی کرکٹ میں اپنے فن کا زبردست مظاہرہ کریں گے۔

ٹیم ابوظبی بھی رواں سال اپنا ڈیبیو ٹائٹل جیتنے کیلئے کافی پرجوش ہے۔ ان کےنئے کپتان فل سالٹ نے کہا کہ وہ نئے چیلنج کیلئے اچھی طرح سے تیار ہیں۔

گلیڈی ایٹرز کے اسٹار ڈیوڈ ویزے اپنے جذبات بتاتے ہوئے کہا کہ ہم لیگ کی سب سے کامیاب ٹیموں میں شمار ہوتے ہیں اور رواں سال ٹرافی اپنے نام کر کے سب سے زیادہ ٹائٹل کے ساتھ اسکواڈ بننا چاہتے ہیں۔گزشتہ سال ہم کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کر سکے تھے،مگر اس سال کامیابی حاصل کرنے کیلئے کافی پرامید ہیں۔

بنگلہ ٹائیگرز کے کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ ٹیم کے ساتھ واپس آکر اور ٹورنامنٹ کے خوشگوار ماحول کا تجربہ کرنا بہت ہی اچھا لگ رہا ہے۔تمام کھلاڑی ٹیم کے مقصد اور گیم پلان سے بھرپور واقف ہیں،میدان میں قدم رکھنے اور اپنی مثالی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا مزید انتظار نہیں کر سکتے۔

واضح رہے کہ ابوظہبی ٹی 10 کے 8 ویں سیزن کا آغاز 21 نومبر کو ٹیم ابوظبی اور عجمان بولٹس کے درمیان ڈیبیو میچ سے ہوگا،جبکہ ٹورنامنٹ 2 دسمبر کو فائنل کے ساتھ اختتام پذیر ہوجائے گا۔