ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ 23 سے 30 نومبر تک پاکستان میں جاری رہے گا جس میں دنیا بھر سے مختلف ٹیمیں حصہ لیں گی، ایونٹ میں پاک بھارت ٹاکرا 25 نومبر کو لاہور میں ہوگا۔
بھارتی وزارت کھیل کی جانب سے کرکٹ ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ انڈیا کے سیکریٹری جنرل شری شائلندر یادیو کو بھیجے گئے خط میں پاکستان کے دورے کی اجازت دی گئی ہے، خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں بھارتی وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ سے رابطہ کیا جائے تاکہ اضافی کلیئرنس حاصل کی جا سکے۔
بھارتی بلائنڈ ٹیم کو ورلڈکپ میں شرکت کے لیے 12 نومبر کو لاہور پہنچنا ہے جہاں وہ ایونٹ کے آغاز سے پہلے تیاری کریں گے، یہ پہلا موقع ہے جب بھارت کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم پاکستان میں بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت کرے گی، بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے سے دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے ذریعے تعلقات میں بہتری کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔
دوسری جانب پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے وزارت کھیل کی جانب سے این او سی ملنے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت مقابلے ہمیشہ شائقین کی بھرپور توجہ حاصل کرتے ہیں، پاکستانی عوام میں ورلڈ کپ کے دوران پاک بھارت میچ کے حوالے سے بہت جوش و خروش پایا جاتا ہے، ماضی میں کرکٹ ڈپلومیسی کے ذریعے دونوں ممالک کے مابین تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
سید سلطان شاہ نے اقوام متحدہ کے چارٹر میں جسمانی معذوری کے شکار افراد کو خصوصی مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے بھی بات کی اور امید ظاہر کی کہ بھارتی وزارت خارجہ و داخلہ جلد انڈین بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے دورے کے لیے مزید این او سی جاری کرے گی۔
واضح رہے کہ یہ ایونٹ دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے میدان میں دوستی اور تعاون کی ایک نئی مثال قائم کرنے کا موقع فراہم کرے گا، اور دونوں ملکوں کے شائقین کرکٹ کے لیے ایک یادگار لمحہ ہوگا۔