سکندر رضا کی میڈن سنچری، زمبابوے نے ٹی 20 کی تاریخ بدل ڈالی
Zimbabwe Cricket Team
لاہور: (سنو نیوز) پاکستانی نژاد سکندر رضا کی زیرِ قیادت زمبابوے نے گیمبیا کے خلاف میچ میں ایسے ریکارڈز بنائے جس نے ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ بدل کر رکھ دی۔

پاکستانی نژاد آل راؤنڈر سکندر رضا کی زیرِ قیادت زمبابوے کرکٹ ٹیم نے گیمبیا کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی 20 کرکٹ میں ایک نئی تاریخ رقم کر دی، زمبابوے نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سب ریجنل کوالیفائر میچ میں ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا، زمبابوے نے 344 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا جو کہ ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ میں سب سے بڑا اسکور ہے۔

پہلے کھیلتے ہوئے، زمبابوے نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 20 اوورز میں 344 رنز بنائے جس میں سکندر رضا کی شاندار بیٹنگ توجہ کا مرکز بنی رہی، انہوں نے صرف 33 گیندوں پر اپنی میڈن ٹی 20 سنچری مکمل کی اور 43 گیندوں پر 133 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر زمبابوے کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، اس اننگز میں سکندر رضا نے 15 چھکے اور 7 چوکے مارے جس نے ان کی بیٹنگ کی صلاحیتوں کو عیاں کیا۔

گیمبیا کی ٹیم اس ریکارڈ کے سامنے بے بس نظر آئی اور صرف 54 رنز پر ہی آؤٹ ہو گئی جس کے نتیجے میں زمبابوے نے 290 رنز کے بڑے مارجن سے فتح حاصل کی۔

یہ فتح ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ میں سب سے بڑے مارجن سے جیت کا بھی ریکارڈ ہے۔ یہ اعزاز پہلے نیپال کے پاس تھا جس نے 273 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔

خیال رہے کہ زمبابوے نے اس میچ میں ٹی 20 کرکٹ کا سب سے بڑے اننگز ٹوٹل اور سب سے زیادہ مارجن سے کامیابی جیسے 2 اہم اعزاز اپنے نام کیے ہیں، یہ کامیابی زمبابوے کرکٹ کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے اور سکندر رضا کی شاندار کارکردگی نے انہیں ایک بار پھر سے ملک کا ہیرو بنا دیا ہے۔