جنوبی افریقہ ٹیسٹ سے قبل شکیب الحسن کے حامیوں اور مخالفین میں تصادم
Shakib al Hassan
لاہور: (ویب ڈیسک) سٹار بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئے، اس بار شکیب اپنے چاہنے والوں کے باعث ٹرینڈنگ کر رہے ہیں۔

ڈھاکہ کے شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم کے باہر گزشتہ روز بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر شکیب الحسن کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان تصادم ہوا، یہ واقعہ بنگلہ دیش اور ساؤتھ افریقہ کے درمیان پہلے ٹیسٹ سے ایک دن پہلے پیش آیا،

شکیب کی ٹیسٹ سکواڈ میں شمولیت کے حق میں نعرے لگانے والے  شکیبیئن  نامی گروہ کو ایک مخالف گروہ کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، اس تصادم کے نتیجے میں سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی میں ہنگامہ برپا ہوا، لیکن خوش قسمتی ہے کوئی زخمی نہیں ہوا۔

مقامی میڈیا کے مطابق ایک فرد کو سیکیورٹی فورسز نے حراست میں لیا، اس سے پہلے دو گروہوں نے علیحدہ علیحدہ اپنی رائے کا اظہار کیا تھا، ایک گروپ کی رائے شکیب کی الوداعی ٹیسٹ سیریز میں شرکت کے حق میں تھی جبکہ دوسرے گروہ کے سیاسی خدشات شکیب کے حکومتی پارٹی سے تعلق کے حوالے سے تھے۔

شکیب کو ابتدائی طور پر ساؤتھ افریقہ کے خلاف ٹیسٹ کے لیے منتخب کیا گیا تھا لیکن ایک دن بعد بنگلہ دیشی بورڈ نے انہیں سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر ٹیم سے ہٹا دیا، اب ان کی جگہ پر لیفٹ آرم سپنر حسن مراد کا ٹیست ڈیبیو کرایا جائے گا۔

شکیب الحسن نیویارک سے تاحال وطن واپس نہیں پہنچ سکے جس کے باعث ان کو جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے ڈراپ کیا گیا ہے، یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف پہلا ٹیسٹ شکیب الحسن کا ممکنہ آخری ٹیسٹ میچ سمجھا جا رہا تھا۔

خیال رہے کہ شکیب الحسن بنیادی طور پر نیو یارک میں رہتے ہیں، وہ مئی سے بنگلہ دیش سے غائب ہیں اور حال ہی میں سیاسی ہنگاموں کے دوران بھی عدم موجودگی کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنے ہیں۔