ساجد خان کے پاس جوتے نہ ہونے پر،کس کھلاڑی نے جوتے دیے؟
Sajid Khan
لاہور:(ویب ڈیسک)پاکستان کے دائیں ہاتھ کے اسپنر ساجد خان نے اپنی کرکٹ کے ابتدائی دنوں کی جدوجہد اور مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ جب انہیں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کیمپ کیلئے منتخب کیا گیا تو ان کے پاس کھیلنے کیلئے جوتے تک نہیں تھے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک کلپ میں ساجد خان  نے بتایا ہے کہ جب مجھے قومی کرکٹ ٹیم کے کیمپ کیلئے منتخب کیا گیا تو میرے پاس جوتے نہیں تھے۔

اس وقت فاسٹ بولر عمران سینئر نے مجھے دیکھا اور پوچھا:  ساجد، تمہارے پاس جوتے نہیں ہیں؟  تو میں نے شرم محسوس کی اور کہا کہ میرے پاس دو جوڑے ہیں۔ لیکن عمران سینئر سمجھ گئے کہ میرے پاس جوتے نہیں ہیں،اس واقعہ کے بعد انہوں نے مجھے اپنے کرکٹ کے اسپائیک جوتے تحفے میں دیے۔

ساجد خان نے اپنی آپ بیتی  سناتے ہوئے مزید کہا کہ میں ہمیشہ اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتا تھا،لیکن اکثر مجھے ٹیم سے باہر کر دیا جاتا تھا۔میں نے پشاور میں اسکول کرکٹ کھیلی ہے،انڈر-13 اور انڈر-16 سے لے کر ہر سطح پرمیں نے ہر جگہ بہترین کارکردگی دکھائی،مگر پھر بھی ٹیم سے ڈراپ ہو جاتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پھر میری واپسی ہوئی اور بہترین کارکردگی نے مجھے حوصلہ دیا اور میں نے ایک منفرد انداز میں اپنی کامیابی کا جشن منانا شروع کردیا۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ساجد خان نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے پہلی اننگز میں 111 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں،جبکہ دوسری اننگز میں بھی ایک وکٹ اپنے نام کی۔

یاد رہے کہ ساجد خان انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں تھے،لیکن پہلی شکست اور ابرا احمد کی ناقص کارکردگی اور انجری کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ساجد خان اور نعمان علی کو ایک اور موقع دیا۔جس کے بعد ساجد خان نے اپنی کارکردگی سے انتخاب کو درست ثابت کیا۔