بابر اعظم جلد آپ کو کھیلتے نظر آئیں گے
Babar Azam and his Father Azam Siddique
لاہور:(ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابراعظم کے والد اعظم صدیقی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک بیان جاری کیا ہے،جس میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان شااللہ بابر اعظم جلد آپ کو کھیلتا اور فارم میں نظر آئے گا۔

انہوں نے اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بابر کو آرام کرنے کا موقع فراہم کیا ہے،کچھ نہیں ہوا،ہم اللّٰہ کی رضا سے راضی تھے، ہیں اور رہیں گے۔پاکستان زندہ باد۔

بابر اعظم کے بارے میں اپنے پیغام کا آغاز اعظم صدیقی نے ایک شعر سے کیا،وہ شعر یوں تھا:

غموں کی آنچ میں بھی مسکرا کہ چلنا پڑتا ہے

یہ دنیا ہے یہاں چہرہ سجا کہ چلنا پڑتا ہے

تمہارا قد میرے قد سے اُونچا ہی سہی لیکن

چڑھائی پر سب کو کمر جُھکا کر چڑھنا پڑتا ہے

واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میچ کیلئے پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ سے بابر اعظم کو آرام کرنے کا موقع دیا گیا تھا،جس کے بعد وہ ملتان سے لاہور واپس آگئے تھے۔

یاد رہے کہ بابر اعظم کے علاوہ دیگر بڑے کھلاڑیوں شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کو بھی آرام کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔  اس موقع پر پی سی بی حکام کا کہنا تھا کہ بابراعظم،نسیم شاہ، سرفراز احمد اور شاہین آفریدی کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے، نوجوان کھلاڑیوں اور ڈومیسٹک پرفارمرز کو انگلینڈ کے خلاف موقع دیا جا رہا ہے تاکہ ان کو بھی کارکردگی دکھانے کا موقع مل سکے۔

خیال رہے کہ پی سی بی کے اس فیصلے کے بعد کرکٹ شائقین کی جانب سے مختلف رد عمل سامنے آیا،کچھ لوگوں نے پی سی بی کے اس فیصلے کو سراہا اور کہا کہ بڑے کھلاڑیوں کو ریسٹ دے کر نئے کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقع دینا قابل تحسین عمل ہے،اس سے کرکٹ میں بہتری آئے گی اور نیا ٹیلنٹ بھی سامنے آئے گا۔

دوسری جناب دیگر شائقین نے پی سی بی حکام کو آڑے ہاتھوں لیا اور اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم،شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ جیسے تجربہ کار اور بڑے کھلاڑیوں کو اتنے بڑے میچ میں آرام کروانا کوئی اچھا فیصلہ نہیں ہے۔