پاکستانی ٹیم ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی
Pakistani hockey team players are happy after the victory against China.
بیجنگ:(ویب ڈیسک)پاکستان نے ایک زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان چین کو ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے ایک اہم میچ میں 1-5 کے واضح فرق سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
 
 چین میں جاری اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کی یہ دوسری کامیابی ہے، جس نے اسے اگلے مرحلے تک پہنچا دیا۔
 
میچ کے آغاز سے ہی پاکستانی ٹیم نے چین پر دباؤ برقرار رکھا۔ پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں، لیکن دوسرے کوارٹر کے آٹھویں منٹ میں پاکستان کے عبدالرحمٰن نے حنان شاہد کے ایک شاندار پاس پر پہلا گول کرکے ٹیم کو برتری دلا دی۔
 
تیسرے کوارٹر میں پاکستان نے مزید جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ 11ویں منٹ میں ندیم احمد نے دوسرا گول کرکے پاکستان کی برتری کو مزید مستحکم کیا۔ اگرچہ اس کوارٹر کے اختتام سے قبل پاکستان کو ایک پنالٹی اسٹروک کا موقع ملا، لیکن کپتان عماد بٹ اس موقع کو گول میں تبدیل نہ کر سکے، جس سے پاکستانی ٹیم کو اپنی برتری مزید بڑھانے کا موقع ہاتھ سے نکل گیا۔
 
چوتھے کوارٹر کے آغاز میں پاکستان نے اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لاتے ہوئے تیسرا گول کیا۔ حنان شاہد نے پنالٹی کارنر پر ایک اور شاندار گول کرکے ٹیم کو 0-3 کی برتری دلائی۔ تاہم، چین کے چینگ ہنگ نے بھی پنالٹی کارنر پر گول کرکے اسکور 1-3 کر دیا۔
 
میچ کے اختتامی لمحات میں پاکستان نے مزید دو گول کیے۔ ندیم احمد نے اپنا دوسرا گول کرتے ہوئے مقابلہ 1-4 کیا، اور پھر میچ ختم ہونے سے صرف 15 سیکنڈ قبل حنان شاہد نے بھی اپنا دوسرا اور پاکستان کا پانچواں گول کرکے ٹیم کی فتح کو یقینی بنایا۔
 
پاکستان نے اس کامیابی کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے، اور اب اس کا اگلا مقابلہ ہفتے کو روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔ بھارتی ٹیم اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی ہے، جس کے باعث یہ میچ مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے۔