پیرس اولمپکس: نوواک جوکووچ نے گولڈ میڈل جیت لیا
August, 5 2024
پیرس:(ویب ڈیسک) 37 سالہ سربین کھلاڑی نوواک جوکووچ نے رولینڈ گیروس میں پیرس اولمپکس میں مردوں کے سنگلز فائنل میں اسپین کے کارلوس الکاراز کو شکست دی۔
تفصیل کے مطابق نوواک جوکووچ نے اتوار کو کارلوس الکاراز کو شکست دے کر اپنا پہلا اولمپک ٹائٹل حاصل کیا اور کیریئر گولڈن سلیم مکمل کرنے والے صرف پانچویں کھلاڑی بن گئے ہیں۔
37 سالہ سرب کھلاڑی جو اپنے پانچویں گیمز میں حصہ لے رہے تھے، نے رولینڈ گیروس میں ایک دلچسپ فائنل میں 7-6 (7/3)، 7-6 (7/2) سے کامیابی حاصل کی اور اپنے 24 گرینڈ سلیم ٹائٹلز کے ساتھ اولمپک گولڈ بھی شامل کیا۔
اس فتح نے انہیں آندرے آگاسی، رافیل نڈال، اسٹیفی گراف اور سرینا ولیمز کی صف میں شامل کر دیا ہے جو تمام چار گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس اور اولمپک سنگلز گولڈ جیتنے والے کھلاڑی ہیں۔
انہوں نے 1988 ءمیں ٹینس کی اولمپکس میں واپسی کے بعد سے سب سے عمر رسیدہ سنگلز چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا اور الکاراز کی اس موسم گرما میں فرانسیسی اوپن اور ومبلڈن ٹائٹلز کے بعد گولڈ میڈل جیتنے کی کوشش کو ناکام بنایا۔
جوکووچ نے میچ جیتنے کے بعد جذباتی انداز میں سربیا کا جھنڈا لہرا کر جشن منایا اور اپنے بیوی اور بچوں کو گلے لگانے کے لیے پلیئرز باکس میں چڑھ گئے۔
"ہم نے تقریباً تین گھنٹے کھیلا، آخری شاٹ وہ واحد لمحہ تھا جب میں یقین کر سکا کہ میں میچ جیت سکتا ہوں"۔
جوکووچ جنہوں نے گذشتہ ماہ ومبلڈن فائنل میں الکاراز سے بھاری شکست کھائی تھی نے کہا کہ آخر کار میں نے کر دکھایا "میں نے گولڈ میڈل جیتنے کے لیے اپنا جسم، اپنا خاندان قربان کیا اور آخر کار میں نے کر دکھایا۔"
دوسری جانب الکاراز نے فائنل کے بعد کہا "ہارنا بہت تکلیف دہ ہے۔"
جوکووچ نے پہلے سیٹ کے دوسرے گیم میں بریک پوائنٹ بنایا اور چوتھے گیم میں تین اور بنائے، جنہیں اسپینی کھلاڑی نے بچا لیا۔ پھر سرب کھلاڑی نے اپنی معروف مزاحمت کی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں گیم میں تین اور نویں گیم میں پانچ بریک پوائنٹس بچائے۔
ایک جذباتی مقابلے میں، الکاراز نے بارہویں گیم میں سیٹ پوائنٹ بچایا لیکن ان کے تجربہ کار حریف نے ٹائی بریک میں غلبہ حاصل کر کے 93 منٹ کے بعد اوپنر سیٹ جیت لیا۔
دوسرے سیٹ میں بھی دلچسپ شوٹ میکنگ اور دفاع کا مظاہرہ کیا گیا اور الکاراز نے فائنل کے چودھویں بریک پوائنٹ کو بچایا۔ پھر ایک بار پھر سیٹ کا فیصلہ ٹائی بریک میں ہوا اور جوکووچ نے تاریخ بناتے ہوئے دو گھنٹے اور پچاس منٹ بعد فتح حاصل کی۔