پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار، نوٹیفکیشن جاری
پٹرولیم مصنوعات
وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کو مؤخر کرتے ہوئے موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا/ فائل فوٹو
اسلام آباد (ویب ڈیسک): وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کو مؤخر کرتے ہوئے موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی تھی کہ موجودہ معاشی حالات اور عوام پر مہنگائی کے بڑھتے ہوئے دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو فی الحال مؤخر کیا جائے۔ وزیراعظم کی ہدایت کے بعد پٹرولیم ڈویژن نے فوری طور پر موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت 321 روپے 17 پیسے فی لیٹر کی سطح پر برقرار رہے گی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 335 روپے 86 پیسے فی لیٹر پر برقرار رکھی گئی ہے۔ حکام کے مطابق یہ قیمتیں اگلے حکم تک نافذ العمل رہیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: مشرقِ وسطیٰ کشیدگی: تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز

حکومت کے اس فیصلے کو عوام کے لیے ایک عارضی ریلیف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے کیونکہ حالیہ دنوں میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی، خصوصاً ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی تناؤ نے عالمی تیل مارکیٹ کو متاثر کیا ہے جس کے باعث خام تیل کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔

عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود حکومت کی جانب سے قیمتیں برقرار رکھنے کے فیصلے کا مقصد عوام کو فوری مالی دباؤ سے بچانا بتایا جا رہا ہے۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں اضافہ ہوتا ہے جس کے نتیجے میں مہنگائی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق آئندہ دنوں میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں اور معاشی صورتحال کا جائزہ لے کر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق نیا فیصلہ کیا جائے گا۔ اگر عالمی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا تو حکومت کو آئندہ پالیسی میں تبدیلی کرنا پڑ سکتی ہے۔
 

ضرور پڑھیں