سکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے دو ڈرونز مار گرائے: وزارت اطلاعات
وزارت اطلاعات نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں دو ڈرونز مار گرانے کی تصدیق کر دی۔
اسلام آباد میں گرائے گئے ڈرون کی فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) وزارت اطلاعات نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں فتنہ الخوارج کے دو ڈرونز کامیابی سے مار گرانے کی تصدیق کر دی۔

وفاقی وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں سکیورٹی فورسزنے 2 ڈرونز مار گرائے، ڈرونز کو کامیابی سے گرایا گیا،کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔

وزارتِ اطلاعات نے افغان طالبان کے ڈرون حملے سے پاکستان کو بڑے نقصان کے دعوے کو مسترد کر تے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے الیکٹرانک کاؤنٹر اقدامات سے ڈرونز کو روکا، ڈرونز کے نتیجے میں کسی اہم تنصیب کو نقصان نہیں پہنچا، ڈرون گرنے کے باعث ملبے سے معمولی نقصان ہوا، طالبان حکومت کے دعوؤں کے حق میں کوئی قابل تصدیق شواہد موجود نہیں۔

وزارتِ اطلاعات کی جانب سے جاری فیکٹ چیک کے مطابق دہشتگرد تنظیم ایف اے کے کے دو ابتدائی نوعیت کے ڈرون کو ، جنہیں افغان طالبان حکومت کی سرپرستی حاصل ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے الیکٹرانک کاؤنٹر اقدامات کے ذریعے کامیابی سے روک لیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ان ڈرونز کے نتیجے میں کسی فوجی یا دیگر اہم تنصیب کو نقصان نہیں پہنچا، تاہم ڈرون گرنے کے باعث ملبے سے معمولی نقصان ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن کچھ دیر معطل رہنے بعد دوبارہ بحال

وزارتِ اطلاعات کے مطابق طالبان حکومت کا یہ دعویٰ ایک بار پھر اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ طالبان حکومت دہشتگردی کی سرپرستی کرنے والی پراکسی تنظیموں کی پشت پناہی کر رہی ہے، جن میں بھارتی حمایت یافتہ گروہ ایف اے کے اور ایف اے ایچ شامل ہیں۔

فیکٹ چیک میں مزید کہا گیا کہ طالبان حکومت کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس ماضی میں بھی جھوٹی خبریں اور پروپیگنڈا پھیلانے میں ملوث رہے ہیں، حالیہ دنوں میں پاکستان ایئر فورس کے طیارہ گرانے اور پائلٹ کو گرفتار کرنے کے دعوے بھی کیے گئے تھے، جنہیں بعد میں خاموشی سے حذف کر دیا گیا۔

وزارتِ اطلاعات کا کہنا ہے کہ حقیقت آخرکار جھوٹ پر غالب آتی ہے۔ 

ضرور پڑھیں